حکومت نواز شریف کی واپسی کے لیے برطانیہ کو خط لکھے گی، فردوس عاشق اعوان

01 مارچ 2020
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کر رہی ہیں — فوٹو:ڈان نیوز
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کر رہی ہیں — فوٹو:ڈان نیوز

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے نواز شریف کی واپسی کے لیے وفاقی حکومت، برطانیہ کو خط لکھے گی اور اس حوالے سے اپنا لائحہ عمل واضح کرے گی۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرس کے دوران ایک صحافی کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'پنجاب حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت کو تمام قانونی تقاضے پورے کرکے نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کے لیے تجویز موصول ہوئی ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ 'وفاقی حکومت برطانیہ سے نواز شریف کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے خط لکھنے جارہی ہے اور اس حوالے سے آئندہ ہفتے متعلقہ ادارے کو خط لکھیں گے'۔

انہوں نے بتایا کہ 'نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے وفاقی حکومت اپنا لائحہ عمل آئندہ ہفتے واضح کرے گی'۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ فکس میچ تھا جو مختلف میڈیا ہاؤسز کے ساتھ کھیلا گیا تھا، سنسنی پھیلا کر بریکنگ نیوز دے کر یہ تاثر پیش کرنے کی کوشش کی گئی تھی کہ اگر حکومت نے نواز شریف کو اجازت نہ دی تو ان کی جان جاسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت پنجاب نے نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کردی

انہوں نے کہا کہ 'اس تاثر کو پیدا کرنے میں جو، جو ملوث ہے انہیں بے نقاب کریں گے'۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 'جب نواز شریف کو پہلی مرتبہ ہسپتال لایا گیا تھا تو وہاں فلمی ماحول بنایا گیا تھا اور وہ گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھے لوگوں کو ہاتھ ہلارہے تھے اور ان پر پھول نچھاور کیے جارہے تھے'۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کے لیے ماحول نہیں بنایا جاتا بالکہ اس کی جان بچانے کی کوشش کی جاتی ہے'۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ 'آئین و قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ایسے افراد کو واپس لانے کے طریقہ کار کو حکومت اختیار کرنے جارہی ہے'۔

پریس کانفرس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے اور لوگوں کو فوری ریلیف دینے کا تہیہ کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی مخلصانہ کوششوں سے روز مرہ کی اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہورہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آئندہ دنوں میں کھانے پینے کی مختلف اشیا کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی اور عام آدمی کا بوجھ کم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی والدہ بیمار بیٹے سے ملاقات کیلئے لندن روانہ

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ عوام کو مشکلات کا شکار کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر گمراہی پھیلائی جاتی ہے کیونکہ ہم بحیثیت قوم ہر چیز کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں جس میں منصوبہ بندی کا عنصر بھی شامل کیا جاتا ہے جس سے عوام کے مسائل بڑھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چند دن قبل آئی ایم ایف کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر بے بنیاد خبریں پھیلا کر تاثر دیا گیا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم مایوس ہوکر واپس گئی ہے تاہم اب وہ افواہیں دم توڑ گئی ہیں اور آئی ایم ایف نے حکومت کی کاوشوں کو تسلیم کیا، وزیر اعظم اور ان کی معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور معاہدہ ہوا جو سب نے دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بارے میں کچھ لوگ سوشل میڈیا میں یہ منفی بیانیہ پھیلا رہے تھے کہ حکومت عوام کی سہولت چھیننا چاہتی ہے۔

انہوں نے دوحہ میں افغان امن معاہدے پر دستخط کے بارے میں کہا کہ یہ معاہدہ وزیراعظم عمران خان کے اس موقف کی تکمیل ہے کہ امن کے فروغ اور خطے میں استحکام کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن و استحکام اور اس کی ترقی کے حصول کی کوششوں میں افغان عوام کی حمایت کی پالیسی پر گامزن رہے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں