وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے 10 فیصد کیسز مقامی طور پر منتقلی کے ہیں جسے انہوں نے خطرناک رجحان قرار دیا۔

صوبے میں لاک ڈاؤن سے متعلق اجلاس میں انہوں نے زور دیا کہ مقامی طور پر منتقلی کے کیسز کو روکنے کے لیے مزید اختیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نشاندہی کی کہ لاڑکانہ اور سکھر میں موجود متاثرہ افراد، جو زائرین ہیں، ان کے علاوہ صوبے میں 168 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 102 مقامی طور پر منتقل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صورت حال بتاتی ہے کہ وائرس کی مقامی طور پر منتقلی اب بھی جاری ہے، اس لیے ہمیں مکمل لاک ڈاؤن کرنا ہوگا بصورت دیگر ہم اس پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں ناکام ہوجائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لوگوں کو ‘اس معاملے کی سنگینی کو سمجھنا ہوگا’ .

تبصرے (0) بند ہیں