میرے دو رشتے دار کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئے، رض احمد

28 اپريل 2020
پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رضوان احمد — فوٹو: اے ایف پی
پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رضوان احمد — فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رضوان احمد عرف رض احمد نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ان کے خاندان کے دو افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔

ڈیڈلائن کی رپورٹ کے مطابق رض احمد کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’اب جب ہم کورونا کی بات کر رہے ہیں تو میں نے اپنے دو فیملی ممبرز کو اس ہی وائرس کی وجہ سے کھو دیا، میں بس اس بات پر یقین کرنا چاہتا ہوں کہ ان کی ہلاکت یوں ہی نہیں ہوئی، ہمیں آگے بڑھ کر ایک بہتر مستقبل کی اُمید کرنا ہوگی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایسا دور ہے کہ اب سب کی اصل حقیقت کھل کر سامنے آرہی ہے، جیسے لوگوں نے اپنا نقاب ہٹا لیا ہو، یا وہ مجبور ہوگئے ہوں اپنا نقاب ہٹانے پر، لوگوں کے بارے میں اب بہتر پتا چل رہا ہے۔

رض احمد کا مزید کہنا تھا کہ اب دنیا ایسے وقت میں آگئی ہے کہ سب کو مل کر ایک دوسرے کے لیے کچھ کرنا ہوگا تاکہ اس بحران سے نکلا جاسکے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: سلینا گومز کے گانے پر نرسز کا رقص

اداکار نے مزید کہا کہ اس وقت دنیا بھر کے ممالک میں معیشت پر زیادہ سوچا جارہا ہے تاہم جو بات ضروری ہے وہ لوگوں کی زندگیاں ہیں، زندگی، یہ دنیا اور لوگوں کی صحت سب سے پہلے آنی چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جہاں کورونا وائرس کے باعث لوگ ایک دوسرے کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہیں کچھ ممالک میں حکومتیں عوام کو ایک دوسرے کے خلاف کررہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے بھارت کی کچھ رپورٹس پڑھی، وہاں مسلمانوں پر کورونا پھیلانے کا الزام لگایا جارہا ہے اور جبکہ کچھ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ مسلمان اور دوسری مذہب سے تعلق رکھنے والوں کے ہسپتال بھی الگ کردیے گئے ہیں‘۔

رض احمد کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کورونا وائرس کے حوالے سے کئی متنازع بیانات دے چکے ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اب تک متاثرین کی تعداد 30 لاکھ سے زائد جبکہ اموات 2 لاکھ 11 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔

کورونا وائرس کے اعداد وشمار جاری کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 30 لاکھ 65 ہزار 176 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

پاکستان کی بات کی جائے تو یہاں متاثرین کی تعداد 13965 جبکہ اموات 294 ہوگئی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں