عالمی وباءکورونا وائرس کے پھیلنے سے قبل ہی یہ اندازے لگائے گئے تھے کہ جون 2020 تک پاکستان میں غربت کی شرح میں 40 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔لیکن کورونا کی وبا کے بعد ملک کے معاشی، سماجی و مالی نظام پرپڑنے والے گہرے اثرات نے ان اندازوں کو غلط ثابت کردیاہے کیونکہ غربت کی شرح اس سے بہت زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔

اس غیر مستحکم اور پریشان کن صورتحال میں غربت و بدحالی کے خلاف ایک ایسی جنگ لڑنے کی ضرورت ہے جو کہ قوم کے چہروں پر امیدوں سے بھرپور مسکراہٹ لاسکے۔

بفضلہ تعالیٰ عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ اس وقت کورونا کے خلاف جنگ میں اپنے بے سہارا ہم وطنوں کے ہم قدم ہے اور اس بحرانی کیفیت میں کئی محاذ پر سر گرم عمل ہے ۔

عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کو 1993 میں شہید انور نسیم چاندنا نے ابتدائی طور پر شادی ہالز میں بچ جانے والے اضافی کھانے کو اکٹھا کرکے اسے بھوکے اور ضرورت مند افراد میں تقسیم کرنے کے لیےقائم کیا تھا۔

اس کے بعد عالمگیر ویلفیئر نے بڑھتی ضرورتوں کے مطابق متعدد شعبے قائم کئے اور گزشتہ 27 سال میں ملک بھر میں ساڑھے 12 ارب روپے کی خطیر رقم پسماندہ طبقات کے افراد میں خوشیاں بانٹنےکے لیے خرچ کی۔

غربا و مساکین کی مدد کے لیے عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ مسلسل آگے بڑھ رہی ہے اور اس وقت سماجی و فلاحی کاموں کے لیے ادارے کا سالانہ بجٹ ڈیڑھ ارب روپے ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ سال تک یہ بجٹ بڑھ کر 2 ارب روپے تک چلا جائے گا۔

چیئرمین چوہدری نثار احمد کی سربراہی میں سال 2019 میں عالمگیر ویلفیئر نے مختلف شعبہ جات میں خدمات سر انجام دیں جس میں صحت کا شعبہ سر فہرست ہے ۔کراچی کے علاقے بہادر آبادمیں موجود عالمگیر ویلفیئرکا ہیلتھ کیئر سینٹر بظاہر چھوٹا دکھائی دیتا ہے مگر وہاں دستیاب صحت کی اعلیٰ اور شاندار سہولیات کو نظر انداز کرنا ناانصافی ہوگی۔

ہیلتھ کیئر پروگرام

اندازے کے مطابق گزشتہ سال 3 لاکھ ضرورت مند مریضوں کا علاج کیا گیا اور اس مد میں 348 ملین روپے خرچ کیے گئے اور کسی بھی ضرورت مند سے علاج کی ایک پائی بھی وصول نہیں کی گئی۔مفت علاج کی سہولیات میں نہ صرف او پی ڈی سے لے کرہسپتال میں داخلہ، ادویات کی فراہمی، تشخیص (لیبارٹری ٹیسٹ) ڈائیلاسز، ایمبولینس سروس، فزیو تھراپی شامل ہے بلکہ اس میں مصنوعی اعضا کی فراہم تک شامل ہے۔

یہی نہیں بلکہ سال 2019 میں عالمگیر ویلفیئر نے ضرورت مند 58 ہزار مریضوں کو ہنگامی بنیادوں پر طبی الات ان کے گھروں میں فراہم کیے۔

ایجوکیشن ایڈ پراجیکٹ

عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ تعلیم کے شعبے میں بھی گراں قدرخدمات سر انجام دے رہا ہے اور اس شعبے میں نمایاں کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔ سال 2019 میں 30 ہزار طلبہ ادارے کے 85 ملین تعلیمی بجٹ سے مستفید ہوئے، مذکورہ بجٹ میں سے نصف بجٹ طلبہ کے تعلیمی کورسز پر خرچ کیا گیا جب کہ نصف بجٹ تعلیمی اداروں کی فیس پر خرچ ہوا۔

عالمگیر ویلفئیر ٹرسٹ کے پاس اسکولوں کے انتظامات سنبھالنے کا انتظام بھی موجود ہے اور اسی نظام کے لیے عالمگیر اسکولنگ سسٹم تشکیل دیا گیاہے۔

عالمگیر ویلفیئر صرف پرائمری تعلیم کے لیے کام نہیں کر رہا بلکہ ادارے نے عالمگیر انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا قیام بھی عمل میں لایاہے، جہاں ٹیکنیکل تعلیم کے حوالے سے 20 مختلف شعبوں میں تعلیم و تربیت فراہم کی جاتی ہے۔مذکورہ انسٹیٹیوٹ نے انتہائی کم عرصے میں شاندار کامیابی حاصل کی اور صرف گزشتہ سال 1255 طلبہ نے مختلف کورسز کامیابی سے مکمل کئے ۔

اسکے علاوہ انسٹیٹیوٹ پیشہ ورانہ کورسز بھی کرواتا ہے، جس میں خواتین کے لیے سلائی و کڑھائی جیسے ہنر بھی شامل ہیں۔

خواتین کے لیے روزگار اسکیم

خواتین کو معاشی طور پر خودمختار کرنا ادارے کا ایک اور بڑا مشن ہے اور اس کی کامیابی کے لیے ہر سال بہت بڑی رقم مختص کی جاتی ہے۔ اس کیلئے سال 2019 میں تقریباً 20 ملین روپے خرچ کیے گئے جس کے تحت یہ رقم اسکریننگ کے بعد منتخب کی گئی خواتین کو روزگار کی فراہمی کیلئے فراہم کی گئی۔

صدقہ سروس

عالمگیر ویلفئیر ٹرسٹ کو پاکستان میں صدقہ بکرا سروس شروع کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ اس سروس کے ذریعے جو لوگ بھی صدقے کے طور پر جانور قربان کرنا چاہتے ہیں، وہ اس بہترین سروس سے مستفید ہو سکتے ہیں اور عطیہ کیا جانے والا صدقے کا گوشت ان ضرورتمندوں میں تقسیم کروایا جاسکتا ہے جو اس نعمت سے محروم رہتے ہیں۔

رمضان ریلیف پیکیج

اس معاشرے میں بہت سارے ایسے سفید پوش غریب اور مستحق افراد بھی ہیں جو غربت کے باوجود دوسروں کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاتے۔عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے پاس ایسے انفرادی افراد اور گھروں تک خاموشی اورکسی کی عزتِ نفس کو ٹھیس پہنچائے بغیر راشن پہنچانے کا بھرپور انتظام موجود ہے۔

ماہ رمضان میں روزہ افطار

اسی خدمت کومزید وسعت دیتے ہوئے ماہ رمضان میں افطاری کے وقت 5 ہزار افراد کو معیاری اور غذائیت سے بھرپور افطار پیکٹ بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔گزشتہ سال اس مد میں تقریباً 17 ملین روپے خرچ کیے گئے۔جبکہ غریبوں میں راشن کی تقسیم اور بھوکے افراد کوخوراک کی فراہمی کا سلسلہ سال بھر بھی برقرار رہتا ہے۔

قربانی کی خدمات

عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کی سہولت فراہم کرتا ہے جس میں ہزاروں افراد بغیر کسی اضافی مالی بوجھ کے سنت ابراہیمی ادا کر پاتے ہیں۔اس کے ساتھ ہی ادارہ عازمین حج کو تربیت فراہم کرنے سمیت انہیں بہتر حج ٹور گائیڈز سے رابطہ کرنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔

صدقات جاریہ

چیئرمین چوہدری نثار احمد
چیئرمین چوہدری نثار احمد

عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ سماجی فلاح و بہبود کے تعمیراتی منصوبوں اور خصوصی طور پر پاکستان بھر میں مساجد کی تعمیر اور دیکھ بھال کا کام بھی کرتا ہے۔

اس کے علاوہ ادارے نے اپنے ڈونرز کی مدد سے پچھلے سال 9 ملین روپے سے زائد رقم سے دیہی سندھ میں پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے کنووں کی کھدائی اور بورنگ پر خرچ کئے۔

عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات کا دائرہ کار مندرجہ بالا فہرست سے کہیں وسیع تر ہے، تاہم مشکلات کے باوجود ان منصوبوں کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ادارے کی خدمات کے حوالے سے مزید معلومات کے لیے اس لنک پر دی گئی ویڈیو سے بھی مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔


مذکورہ مواد عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے اشتہار کی مد میں شائع کیا گیا ہے، اس سے ڈان کے ایڈیٹوریل اسٹاف کا کوئی تعلق نہیں اور اس میں پیش کیے گئے خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں