بھارتی خاتون کا دوران سفر بچے کو جنم دینے کے باوجود پیدل سفر

اپ ڈیٹ 13 مئ 2020
خاتون نے بچے کو جنم دینے کے بعد 150 کلو میٹر تک پیدل سفر کیا—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
خاتون نے بچے کو جنم دینے کے بعد 150 کلو میٹر تک پیدل سفر کیا—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک بھارت نے اگرچہ کورونا سے بچاؤ کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کو نرم کرتے ہوئے 12 مئی سے جزوی طور پر ٹرین سروس بھی بحال کردی ہے۔

تاہم اب بھی وہاں پر بڑے پیمانے پر ٹرین سروس سمیت دیگر پبلک ٹرانسپورٹ معطل ہے، جس وجہ سے وہاں کروڑوں انسانوں کو ایک سے دوسرے جگہ منتقل ہونے میں سخت مشکلات درپیش ہیں۔

پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے بھارت بھر میں لوگ ایک سے دوسری جگہ منتقل ہونے کے لیے پیدل سفر کر رہے ہیں اور اس دوران ان لوگوں کو انتہائی مشکل حالات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

ایسے ہی مشکل حالات کا سامنا ریاست اترپردیش کی ایک حاملہ خاتون کو بھی کرنا پڑا جو کہ ریاست مہارا شٹر سے اپنے آبائی گھر جانے کے لیے نکلی تھیں۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق ریاست مہارا شٹر میں مزدوری کرنے والی خاتون نے حمل سے ہونے کے باوجود اپنے آبائی گھر باحفاظت پہنچنے کے لیے شوہر کے ساتھ پیدل سفر کیا، تاہم دوران سفر خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق مہارا شٹر سے پیدل سفر شروع کرنے والی خاتون کے ہاں ریاست اتر پردیش کے قریب ہی دوران سفر بچے کی پیدائش ہوئی اور اس عمل میں ان کے شوہر نے ہی ان کا ساتھ دیا اور انہوں نے کسی طرح کی طبی امداد کے بغیر ہی بچے کو جنم دیا۔

رپورٹ کے مطابق راہ چلتے بچے کو جنم دینے کے بعد مذکورہ خاتون نے اپنے آبائی گھر پہنچنے کےلیے ایک بار پھر شوہر کے ساتھ پیدل سفر کرنا شروع کیا اور تقریباً انہوں نے 150 کلو میٹر پیدل سفر بھی کیا۔

خاتون کے شوہر نے بتایا کہ جب ان کی بیوی نے بچے کو جنم دیا تو انہوں نے محض 2 گھنٹے آرام کیا اور پھر اپنی منزل کی طرف چل پڑے اور 150 کلو میٹر کا سفر طے کرکے وہ اتر پردیش کی سرحد پر پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ریکارڈ نئے کیسز سامنے آنے کے باوجود ٹرین سروس بحال

راستے میں بچے کو جنم دینے کے بعد پیدل سفر کرنے والی خاتون کے اتر پردیش کی سرحد پر پہنچتے ہی انہیں سانتا بلاک نامی شہر کی انتظامیہ نے گاڑی کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا اور بچے کا میڈیکل ٹیسٹ کیا گیا اور دونوں خیریت سے رہے۔

مذکورہ واقعے سے قبل بھی رواں ماہ کے آغاز میں تلنگانہ سے چھتیس گڑھ جانے کے لیے پیدل سفر کرنے والی ایک خاتون کے ہاں بھی بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

کمائی کے سلسلے میں تلنگانہ میں رہنے والی خاتون نے بھی 5 مئی کو چھتیس گڑھ میں اپنے آبائی گھر جانے کے لیے پیدل سفر کیا مگر 70 کلو میٹر سفر کرنے کے بعد ہی انہوں نے بچے کو جنم دیا تھا۔

مذکورہ خاتون کے ساتھ دیگر خواتین بھی سفر کر رہی تھیں اور انہوں نے دیگر خواتین کی جانب سے مدد فراہم کرنے کے دوران بچے کو جنم دیا تھا، تاہم بعد ازاں قریبی شہر کی پولیس نے معلوم ہونے پر مذکورہ خاتون کو ہسپتال منتقل کیا تھا۔

اس سے قبل ریاست مدھیا پردیش کی ایک خاتون نے بھی پیدل سفر کے دوران بچے کو جنم دیا تھا۔

مدھیا پردیش کی خاتون نے بھی لاک ڈاؤن ہونے کے بعد کام بند ہونے کے باعث شہر سے اپنے گاؤں کی طرف پیدل سفر کیا تھا، تاہم انہوں نے گاؤں پہنچنے سے قبل ہی بچے کو جنم دیا تھا۔

مذکورہ خاتون کے ہمراہ بھی کئی مزدور خواتین پیدل سفر کر رہی تھیں اور انہوں نے ہی حاملہ خاتون کو مدد فراہم کی تھی، تاہم بچے کو جنم دینے کے بعد مقامی انتظامیہ کی مدد سے خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Farooq ahmad May 13, 2020 05:37pm
یہ تو حال ہے اس 5 ٹریلین کی اکانومی والے ملک کا۔