مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج سے جھڑپ میں حزب المجاہدین کا کمانڈر جاں بحق

اپ ڈیٹ 19 مئ 2020
جھڑپ کے دوران بھارتی فورسز نے 5 گھروں کو تباہ کردیا —فوٹو: رائٹرز
جھڑپ کے دوران بھارتی فورسز نے 5 گھروں کو تباہ کردیا —فوٹو: رائٹرز

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ساتھ طویل جھڑپ میں حزب المجاہدین کے کمانڈر جنید احمد صحرائی سمیت 2 حریت پسند جاں بحق ہوگئے۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارتی حکام نے بتایا کہ سری نگر میں 2 حریت پسندوں کے ساتھ 12 گھنٹے جھڑپ جاری رہی۔

مزیدپڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج سے جھڑپ میں حزب المجاہدین کا کمانڈر جاں بحق

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز اور پولیس نے کشمیری حریت پسندوں کے ساتھ لڑائی کے دوران علاقے کو محاصرے میں لے لیا تھا۔

فوٹو: دی وائر ان
فوٹو: دی وائر ان

علاوہ ازیں بھارتی فورسز نے جھڑپ کے دوران 5 گھروں کو تباہ کردیا جبکہ 10 گھروں کو بری طرح نقصان پہنچایا۔

فائرنگ اور دھماکوں سے سری نگر گونج اٹھا جہاں سڑکیں پہلے ہی لاک ڈاؤن کی وجہ سے خالی تھیں۔

بھارتی حکام نے ایک بیان میں کہا کہ جھڑپ میں اہم حریت رہنما کا بیٹا اور حزب المجاہدین کا کمانڈر جنید احمد صحرائی جاں بحق ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں پیر معراج الدین کے قتل کی شدید مذمت

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ حزب اللہ مجاہدین کا ایک اور ممبر بھی مارا گیا اور جھڑپ میں 4 بھارتی پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

جھڑپ سے قبل موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئیں تھیں۔

مذکورہ خبر سن کر عوام سڑکوں پر نکل آئی اور بھارتی افواج پر پتھراؤ کیا جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور شاٹ گن کے فائر کیے تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ واقعے سے قبل 6 مئی کو بھارتی فوج سے جھڑپ میں حزب المجاہدین کے کمانڈر ریاض نائیکو ساتھی سمیت جاں بحق ہو گئے تھے۔

بھارتی فوج کو اطلاع ملی تھی کہ حزب المجاہدین کے کمانڈر ریاض نائیکو مقبوضہ کشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ میں چھپے ہوئے ہیں جس پر سیکڑوں بھارتی فوجیوں نے آپریشن کیا۔

مزیدپڑھیں: مقبوضہ کشمیر مکمل، جموں کے تین اضلاع کورونا سے شدید متاثرہ علاقے قرار

کشمیر کے آئی جی پولیس وجے کمار نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا تھا کہ وہ ایک گھر میں پھنس گئے تھے اور ایک مسلح تصادم کے دوران وہ اور ان کا ساتھی مارا گیا۔

کئی دہائیوں سے کشمیری نوجوان بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں اور اب آزادی کی اس جدوجہد میں اب تک ہزاروں نوجوان جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔

بھارتی فوج کی جانب سے مظاہروں میں شریک 100 سے زائد افراد کو مارنے کے دو سال بعد 2012 میں ریاض نائیکو کشمیر کی جدوجہد آزادی کا حصہ بنے تھے۔

وہ ریاضی کے استاد تھے اور 2016 میں برہان وانی کی شہادت کے بعد انہیں حزب المجاہدین کا کمانڈر مقرر کیا گیا تھا جبکہ بھارتی فوج نے ان کے سر پر 12 لاکھ بھارتی روپے کا انعام بھی مقرر کیا تھا۔

بھارتی پولیس کے مطابق رواں سال اب تک بھارتی فوج کشمیر کی جدوجہد آزادی میں شریک 73 کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے جبکہ ان میں بیشتر رمضان کے دوران کیے گئے۔

تبصرے (0) بند ہیں