بھارت نے راہگیر کو ٹکر مارنے والے سفارتی اہلکاروں کو واپس بلالیا

بھارتی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا اتھا—فائل فوٹو / ڈان
بھارتی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا اتھا—فائل فوٹو / ڈان

اسلام آباد میں نوجوان راہگیر کو گاڑی کی ٹکر سے زخمی کرنے والے بھارتی سفارت خانے کے دو اہلکاروں کو واپس بلالیا گیا۔

بھارتی ہائی کمیشن کے ترجمان اکھلیش سنگھ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے دونوں سفارتی اہلکار براستہ واہگہ واپس پہنچ چکے ہیں۔

سفارت خانے کے ذرائع کے مطابق بھارت نے نوجوان راہگیر کو ٹکر مارکر زخمی کرنے والے دونوں اہلکاروں واپس بلالیا تھا اور دونوں اہلکار آج علی الصبح واپس بھارت روانہ ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں اہلکار سلواداس پال اور دویمو براہمہ واہگہ  کے راستے سے بھارت گئے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی اہلکاروں کے ساتھ گروپ کیپٹن مانو مدھا اور سیکنڈ سیکریٹری سندرم شیو انہیں رخصت کرنے کے لیے واہگہ گئے تھے۔

پاکستان سےبواپس بلائے گئے دونوں بھارتی اہلکار اسلام آباد میں ہائی کمیشن میں ڈرائیور کے طور پر کام کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ بھارتی اہلکاروں کے خلاف اسلام آباد میں راہگیر کو تیز رفتاری کے باعث ٹکرمارکر موقع سے فرار ہونے کی کوشش اور جعلی کرنسی برآمدگی کا مقدمہ درج کیا جاچکا ہے۔

بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں نے حادثے کے بعد جائے وقوع سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی وہاں پرموجود شہریوں نے دونوں اہلکاروں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیاتھا۔

تاہم دونوں اہلکاروں کو سفارتی استثنی کے باعث رہا کردیا گیا تھا  تاہم  تھانہ سیکریٹریٹ اسلام آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کی جانب سے درج کیے گئے مقدمہ کے مطابق تیزرفتارگاڑی نے سڑک پار کرنے والے ایک شہری کو ٹکرماری، جس کے نتیجے میں شہری شدید زخمی ہوا اور یہ واقعہ بھارتی اہلکاروں کی غفلت کےباعث پیش آیا تھا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ  بھارتی اہلکاروں سے 10 ہزارکی جعلی پاکستانی کرنسی بھی برآمد ہوئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں