امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ 71 سال کی عمر میں عدالت کے بعد انتقال کرگئے۔

خبررساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ ’ان کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ نیویارک کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ہفتے کی رات کو ان کا انتقال ہوگیا‘۔

مزیدپڑھیں: عدالت نے ٹرمپ کےخلاف 'انکشافات سے بھری کتاب' شائع کرنے کی اجازت دے دی

وائٹ ہاؤس کے عہدیداروں کی جانب سے بھی ایک بیان سامنے ٓآیا کہ امریکی صدر نے جمعے کو ہسپتال میں اپنے بھائی کی عیادت کی تھی۔

تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے رابرٹ ٹرمپ کی موت سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’مجھے شدید صدمہ ہے کہ میرے بہترین بھائی رابرٹ آج رات ہسپتال میں انتقال کرگئے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’وہ صرف میرا بھائی نہیں تھا بلکہ سب سے اچھا دوست بھی تھا اور اس کی یاد دل سے نہیں اترے گی لیکن ہم پھر ملیں گے‘۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’رابرٹ ٹرمپ کی یاد میرے دل میں ہمیشہ رہے گی، رابرٹ! میں تم سے پیار کرتا ہوں‘۔

اطلاعات کے مطابق رابرٹ ٹرمپ اسی مہینے کئی دن تک انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھتیجی کے اپنے چچا ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں چشم کشا انکشافات

رپورٹس کے مطابق رابرٹ حیرت انگیز طور پر ڈونلڈ ٹرمپ سے متضاد طبیعت کے مالک تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ اپنے چھوٹے بھائی کے بارے میں کہا تھا کہ رابرٹ ٹرمپ مجھ سے کہیں زیادہ پرسکون اور دوستانہ رویہ رکھنے والا شخص ہے اور میری زندگی کا واحد شخص ہیں جن کو میں ’ہنی‘ کہتا ہوں۔

رابرٹ ٹرمپ نے اپنے کیریئر کا آغاز وال اسٹریٹ کارپوریٹ فنانس سے کیا تھا لیکن بعد میں وہ خاندانی کاروبار میں شامل ہوگئے تھے۔

وہ ٹرمپ آرگنائزیشن میں ریل اسٹیٹ ہولڈنگز کے اعلیٰ عہدے داروں میں شامل تھے۔

ٹرمپ خاندان کے سوانح نگار گونڈا بلیئر نے بتایا کہ جب رابرٹ ٹرمپ نے ٹرمپ آرگنائزیشن میں کام کیا تو وہ ’اچھے ٹرمپ‘ کے نام سے جانے جاتے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے 1987 میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتاب ’دی آرٹ آف ڈیل‘ میں لکھا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ مجھے کسی بھائی کے لیے برداشت کرنا مشکل ہو گا لیکن رابرٹ ٹرمپ نے اس بارے میں کبھی کچھ نہیں کہا اور ہم بہت قریب ہیں‘۔

مزیدپڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کی نقل اتارنے سے شہرت حاصل کرنے والی سوشل میڈیا اسٹار

خیال رہے کہ رابرٹ ٹرمپ اپنے بڑے بھائی (ڈونلڈ ٹرمپ) کی صدارت کے دوران وادی ہڈسن میں ریٹائرڈ ہونے کے بعد سادگی سے زندگی گزار رہے تھے لیکن وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی تھے۔

واضح رہے کہ امریکا کی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھتیجی میری ٹرمپ کو اپنے چچا کے بارے میں چشم کشا انکشافات پر مشتمل کتاب کے بارے میں گفتگو کرنے اور اس کی اشاعت کی اجازت دے دی تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھائی رابرٹ ٹرمپ نے کتاب کی اشاعت روکنے کی کوشش کرتے ہوئے 55 سالہ میری ٹرمپ کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

انہوں نے پٹیشن میں کہا تھا کہ میری ٹرمپ نے وراثت کے معاملے میں دو دہائی قبل رازداری کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

میری ٹرمپ نے کہا تھا کہ آئندہ چند روز میں امریکا کے عوام ان کے اہم الفاظ پڑھ سکیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں