'سیونی' کا انتہائی برا ریمیک بناکر بھارت نے ابھی نندن کا بدلہ لیا؟

اپ ڈیٹ 04 نومبر 2020
گانے کو ریمیک کو بھارتی شائقین نے بھی ناپسند کیا—اسکرین شاٹ
گانے کو ریمیک کو بھارتی شائقین نے بھی ناپسند کیا—اسکرین شاٹ

پاکستان کے ماضی کے معروف میوزیکل بینڈ جنون کی جانب سے 1990 کی دہائی میں گائے گئے مقبول گانے 'سیونی' کا انتہائی برا ریمیک بنانے پر بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔

ٹی سیریز پر اپنے وقت کے سب سے مقبول گانے کو انتہائی برے طریقے سے بنانے پر سب سے زیادہ اپنے ہی ملک کے لوگوں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ٹی سیریز نے دو دن قبل ہی 'سیونی' کے ریمیک کی ویڈیو جاری کی تھی، جسے اگرچہ اب تک 20 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، تاہم اس پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔

'سیونی' جیسے ہر وقت کے مقبول گانے کے ریمیک کو بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ نے گایا ہے، جو گلوکارہ نیہا ککڑ کی طرح ماضی کے مقبول گیتوں کی نقل اور ریمیک گانے سے شہرت رکھتے ہیں۔

'سیونی' کے ریمیک کو اسی نام سے بننے والی بھارتی فلم کا حصہ بنایا گیا ہے جو رومانٹک تھرلر فلم ہے۔

گانے کا ریمیک جوئے انجن نے بنایا ہے تاہم اس کے باوجود گانے کی دھن پرانے پاکستانی گانے جیسے ہی رکھی گئی ہے۔

اگرچہ ٹی سیریز نے ریمیک کی ریلیز میں پاکستانی گانے اور جنون گروپ کو کریڈٹ دیا ہے تاہم اس باوجود ریمیک پر پاکستانیوں کے علاوہ بھارتی افراد بھی ٹی سیریز پر نالاں ہیں۔

گانے کے ریمیک پر متعدد پاکستانیوں اور بھارتیوں نے ٹوئٹس کرتے ہوئے کہا کہ گانے کے انتہائی برے ریمیک بنانے پر اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوگئی تو وہ اسے غلط نہیں سمجھیں گے۔

ایک صارف نے لکھا کہ پاکستان کے بہترین گانے کا انتہائی برا ریمیک بنا کر بھارت نے ابھی نندن کا بدلہ لے لیا۔

ایک بھارتی صارف نے 'سیونی' کے انتہائی برے ریمیک پر پاکستانیوں سے معذرت بھی کی اور ساتھ ہی واضح کیا کہ ٹی سیریز ایسے ہی نایاب گانوں کو ردی کی ٹوکری میں ڈالنے کی ماہر ہے اور اس نے 'سیونی' کو بھی بڑی آسانی سے ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا۔

خیال رہے کہ ٹی سیریز کی جانب سے 'سیونی' کا ریمیک بنائے جانے سے قبل کوک اسٹوڈیو نے بھی مذکورہ گانے کو 2017 میں نئے انداز میں پیش کیا تھا۔

کوک اسٹوڈیو 10 میں 'سیونی' کو راحت فتح علی خان، علی نور اور زوئی وکاجی سمیت دیگر گلوکاروں نے گایا تھا تاہم اسے بھی ناپسند کیا گیا تھا۔

'سیونی' کو ابتدائی طور پر سلمان احمد اور علی عظمت نے اپنی میوزیکل گروپ جنون کے ساتھ 1990 کی دہائی میں ریلیز کیا تھا۔

مذکورہ گانے کو جنون گروپ کے 'آزادی' ایلبم میں پیش کیا تھا، گروپ کے مذکورہ ایلبم نے دنیا بھر میں کمائی کے نئے ریکارڈ بنائے تھے۔

جنون گروپ کے اسی ایلبم کے دیگر گانے بھی مقبول ہوئے تھے، جنہوں نے کئی سالوں تک موسیقی کے چاہنے والوں کو محظوظ کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں