دنیا بھر میں فیس بک کی زیرملکیت اپلیکشن واٹس ایپ کو ماہانہ ڈیڑھ ارب سے زائد افراد اپنے پیاروں سے رابطے کے لیے استعمال کرتے ہیں کیونکہ اس میں میسجز بھیجنا مفت ہے اور بس انٹرنیٹ درکار ہوتا ہے۔

مگر گوگل کی جانب سے واٹس ایپ کو ٹکر دینے کے لیے اینڈرائیڈ فونز میں اپنی ٹیکسٹ میسجز ایپ کو فیس بک کی زیرملکیت اپلیکشن جیسا بنانے پر کام جاری ہے۔

اب گوگل کی جانب سے میسجز ایپ میں ایس ایم ایس شیڈول فیچر کی آزمائش شروع کی گئی ہے، جو صارف کو اپنا میسج مطلوبہ وقت میں بھیجنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

اس مقصد کے لیے کسی میسج کو ڈرافٹ کرکے ایک چیٹ میں سینڈ بٹن کو کچھ دیر تک دبا کر رکھنا ہوگا۔

ایسا کرنے پر 4 آپشنز سامنے آئیں گے جن میں سے 3 میں پہلے سے طے شدہ وقت جبکہ چوتھا اپنی پسند کی تاریخ اور وقت کا انتخاب کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا
فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا

ایسا کرنے کے بعد چیٹ میں شیڈول میسج کا پریویو نظر آئے گا اور صارف میسج کو بدلنے، فوری بھیجنے یا ڈیلیٹ کرسکے گا۔

ابھی گوگل میسجز میں سینڈ بٹن کو کچھ دیر تک دبا کر رکھنے پر ایم ایم ایس بھیجنے کا شارٹ کٹ سامنے آتا ہے۔

جسے اب شیڈول میسجز سے بدلا جارہا ہے جبکہ ایم ایم ایس کا آپشن تھری ڈاٹ مینیو میں منتقل کیا جارہا ہے۔

فی الحال یہ فیچر آزمائشی مرحلے سے گزر ررہا ہے اور صارفین کو کب تک دستیاب ہوگا، یہ کہنا مشکل ہے۔

خیال رہے کہ گوگل نے 2018 میں اینڈرائیڈ میسجز کو متعارف کرایا تھا جس کا مقصد صارفین کو آر سی ایس کی ابتدائی جھلک دیکھنے کا موقع مل سکے اور وہ اسے اپنے فون میں اسٹینڈرڈ ایس ایم ایس ایپ کی جگہ استعمال کرسکیں۔

ایس ایم ایس 160 حروف کی وہ سروس ہے جو کئی دہائیوں سے موجود ہے مگر آج کے فونز زیادہ طاقتور اور صارف زیادہ فیچرز مانگتے ہیں اور یہی چیز واٹس ایپ اور میسنجر کی کامیابی کا باعث بنی۔

اب گوگل اس نئی سروس کے ذریعے انہیں ٹکر دینا چاہتا ہے جس میں دیگر فیچرز کے ساتھ گوگل کے ڈیجیٹل اسسٹنٹ کی خدمات بھی صارف کو حاصل ہوگی۔

گوگل رچ کمیونیکشن سروس (آر سی ایس) پر 2016 سے کام کیا جارہا تھا اور اس کے لیے گوگل نے دنیا بھر کے موبائل آپریٹرز اور اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیوں سے اشتراک کیا مگر صارفین تک اس کی رسائی موبائل آپریٹرز کی سستی کی وجہ سے تاحال ممکن نہیں ہوسکی۔

آر سی ایس اینڈرائیڈ میں ایس ایم ایس یا شارٹ میسج سروس کی جگہ لے گا جس کو 25 سال سے زائد عرصہ ہوچکا ہے جبکہ صارفین اس پر وائی فائی پر چیٹ، ہائی ریزولوشن تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے اور موصول کرنے کی سہولت، ریڈ رسیپٹ، ٹائپنگ انڈیکٹرز گروپ چیٹ اور گروپ چیٹس میں لوگوں کو ایڈ یا نکالنے جیسے فیچرز استعمال کرسکیں گے۔

آر سی ایس کو گوگل نے 2019 میں سب سے پہلے برطانیہ اور فرانس میں متعارف کرایا اور پھر امریکا میں اسے پیش کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں