پہلا ٹی20: پاکستان نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

07 نومبر 2020
خوشدل شاہ نے 19ویں اوور میں آخری رن بنا کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا — فوٹو: اے ایف پی
خوشدل شاہ نے 19ویں اوور میں آخری رن بنا کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا — فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور زمبابوے کے کپتا نٹی20 سیریز کی ٹرافی کے ہمراہ— فوٹو بشکریہ پی سی بی
پاکستان اور زمبابوے کے کپتا نٹی20 سیریز کی ٹرافی کے ہمراہ— فوٹو بشکریہ پی سی بی
زمبابوے نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان کو باؤلنگ کی دعوت دی— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
زمبابوے نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان کو باؤلنگ کی دعوت دی— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان زمبابوے کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں 157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو پہلا نقصان 36 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا اور فخر زمان 19 رنز کی اننگز کھیل کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد بابر اعظم کا ساتھ دینے کے لیے حیدر علی کریز پر آئے لیکن وہ بھی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

محمد حفیظ نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر مضبوط شراکت قائم کی اور اس دوران کپتان نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

بابر اعظم 55 گیندوں پر 82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حفیظ نے 32 گیندوں پر 36 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کے بعد ان کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا۔

خوشدل شاہ نے 19ویں اوور میں آخری رن بنا کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا اور پاکستان نے 4 وکٹوں پر 157 رنز بنا کر میچ میں 6 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔

زمبابوے کے بلیسنگ مزاربانی نے 2 جبکہ ٹینڈائی چتارا اور رچرڈ نراوا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شاندار بلے بازی پر بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں زمبابوے کے کپتان چمو چبابا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

محمد حسنین نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پہلے ہی اوور میں زمبابوین کپتان چمو چبابا کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔

برینڈن ٹیلر اور شان ولیمز نے اسکور کو 34 تک پہنچایا ہی تھا کہ حارث رؤف نے وکٹ کیپر بلے باز کو حیدر علی کی مدد سے پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

شان ولیمز نے 24 گیندوں پر 25 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی لیکن عثمان قادر نے ڈیبیو پر اپنے پہلے ہی اوور میں ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ سکندر رضا صرف 7رنز بنا سکے۔

ریان برٹ اور ویزلے میڈھویرے نے مل کر اسکور کو 122 تک پہنچایا لیکن حارث رؤف نے برٹ کی وکٹیں بکھیر کر پاکستان کو پانچویں کامیابی دلا دی۔

میڈھویرے نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 70رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت زمبابوے کی ٹیم معقول مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

زمبابوے نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور وہاب ریاض نے 2، 2 جبکہ حسنین اور عثمان قادر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے آج کے میچ میں سابق عظیم لیگ اسپنر کے بیٹے عثمان قادر کو ڈیبیو کرایا تھا۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔

بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، محمد حفیظ، حیدر علی، محمد رضوان، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عثمان قادر، وہاب ریاض، محمد حسنین اور حارث رؤف۔

تبصرے (0) بند ہیں