پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے گلگت بلتستان انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی الیکشن ہوئے نہیں لیکن دھاندلی کے انبار لگ گئے ہیں جبکہ عمران خان کی جعلی حکومت جا رہی ہے۔

چلاس میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ جو رشتہ جوڑا تھا اس کو آخری دم تک نبھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سنا ہے دیامر سے شیر جیت رہا ہے، ہمیں پتا چلا ہے کہ یہاں دھاندلی کی جارہی ہے، ابھی الیکشن آیا نہیں ہے لیکن دھاندلی کے انبار لگ گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: اب یہ ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں جو انہیں نہیں ملے گا، مریم نواز

عوام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپنے ووٹ کو چوری نہیں ہونے دینا اور الیکشن والے دن نہ صرف ووٹ ڈالنا ہے بلکہ اپنے ووٹ پر پہرا دینا ہے۔

مسلم لیگ (ن) چھوڑنے والے سابق وزیر کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو اچھے وقت میں ساتھ رہا اور وزیر بن کر فائدے بھی اٹھا رہا ہو لیکن ذرا سا دباؤ آئے تو ووٹ کی پرچی کو روندے تو وہ ووٹ کا حق دار نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں نئی روایت قائم کرتے ہوئے لوٹوں کو گھر چھوڑ کر آئیں تاکہ آئندہ کسی یہ جرات نہ ہو کہ وہ کسی کا دباؤ برداشت نہ کرسکے اور ووٹ کو بیچ کر آئے، جو اپنے لیے کھڑا نہ ہوسکے وہ آپ کے لیے بھی کھڑا نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جتنی خدمت کی ہے اتنی 73 برسوں میں کسی نے نہیں کی، گلگت بلتستان کے سابق وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمٰن نے وفا نبھائی اور وفا نبھانے والے سونے پر تلنے کے لائق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت ایئر پورٹ کی عمارت نواز شریف نے بنائی تھی اور گلگت کی سڑک بھی نواز شریف نے بنائی تھی، گلگت میں کینسر ہسپتال، اسپورٹس کمپلیکس اور کیڈٹ کالج چلاس سمیت تمام منصوبے نواز شریف نے بنائے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی وجہ سے کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں اور ان کو پورا معاوضہ نہیں ملا اور رقم کی ادائیگی میں تنگ کیا جارہا ہے، یہ آپ کا حق ہے جو آپ کو ملنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنائیں گے اور اس صوبے کو حقوق بھی دیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان کی جعلی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں اور یہ جعلی حکومت جارہی ہے، گلگت بلتستان کے انتخابات میں اس کو آخری دھکا دو اور گھر بھیج دو۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان گلگت بلتستان کو صوبے کا جھانسہ دے کر چلے گئے، مریم نواز

خیال رہے کہ مریم نواز گلگت بلتستان میں ہونے والے انتخابات کی مہم کے لیے وہاں موجود ہیں، دو روز قبل اسکردو میں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ گلگت بلتستان والوں نے جو جذبہ دکھایا ہے اس کے بعد اگر مسلم لیگ(ن) کو دھاندلی سے ہرایا گیا تو نہ گلگت بلتستان مانے گا نہ پاکستان، کہتے ہیں کہ گلگت بلتستان انتخابات میں وفاقی حکومت کے ساتھ جاتا ہے تو کیا اس بات گلگت بلتستان جاتی ہوئی حکومت کے ساتھ جائے گا، کیا گلگت بلتستان ایسی حکومت کے ساتھ جائے گا جس کی چند دنوں میں چھٹی ہونے والی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ڈھائی سال قبل جب یہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے ووٹ پر ڈاکا ڈال کر آئے تھے تو آج یہ حالت ہوگئی ہے کہ جگہ جگہ گھبرائے ہوئے پھر رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کے جلسوں سے میرے وزرا کو پریشانی ہوتی ہے تو آپ کو پریشانی ہونی چاہیے کیونکہ عوام آپ کا گھیراؤ کر رہی ہے اور آپ کو گھر چھوڑ کر آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے لوگوں سے روٹی، سکون، روزگار اور خوشیاں چھین لی ہیں اور اب جب حکومت کے آخری دن آگئے ہیں تو نہ دھاندلی رہے گی، نہ دھاندلی کرنے والے اور نہ ہی دھاندلی کی پیداوار عمران خان رہیں گے اور اب راج کرے گی تو خلق خدا۔

مریم نواز نے کہا تھا کہ آج ملک کا چپہ چپہ اور عوام گواہی دے رہے ہیں کہ نواز شریف کے علاوہ پاکستان کے پاس اب کوئی آپشن نہیں، اگر کسی کے پاس پاکستان کے مسائل کا علاج ہے تو اس کا نام نواز شریف ہے، آج جب آپ کو سمجھ آگئی ہے کہ ایک صفحے پر ہونے، عوام کے حق پر ڈاکا ڈالنے اور دھاندلی کے باوجود ڈھائی سال میں اگر آپ کی یہ حالت ہوگئی ہے تو عوام اور نواز شریف کے درمیان سے ہٹ جاؤ، ملک کو نواز شریف کے حوالے کردو پاکستان پھر سے ترقی کی منازل طے کرے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ آج آپ کی تمام طاقتیں، دھاندلیاں اور انتقام ناکام ہوچکے ہیں، آپ نے نواز شریف کی آواز بند کی اللہ نے آپ کی آواز بند کردی اور پوری دنیا میں جو ایک آواز گونج رہی ہے اس کا نام ہے نواز شریف۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکردو کے عوام اور نوجوانوں سے کہتی ہوں کہ اپنے حق کے لیے کھڑے ہوجاؤ، حکومتوں کو منتخب کرنے اور انہیں گھر بھیجنے کا اختیار صرف عوام کے پاس ہے، اب عوام کسی کو اپنے حقوق پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے اور اپنے حق کے لیے کھڑے ہوں گے۔

لیگی رہنما نے کہا تھا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں جو لوگ دھاندلی کرنے کے منصوبے بنا رہے ہیں وہ یاد رکھیں کہ 2 سالوں میں پاکستان بدل چکا ہے، اب نہ لوٹوں کو ووٹ ملے گا، نہ دھاندلی کرنے والے بچیں گے اور نہ دھاندلی کروانے والے بچیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں