شاداب انجری کا شکار، نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر

اپ ڈیٹ 23 دسمبر 2020
شاداب خان انجری کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی
شاداب خان انجری کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی

دورہ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کو ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے اور ٹی20 سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے شاداب خان پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

قومی ٹیم دورہ نیوزی لینڈ میں مستقل انجری مسائل سے دوچار ہے اور بابر اعظم اور امام الحق انجری کی وجہ سے ٹی20 سیریز کے بعد ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ سے بھی باہر ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر، رضوان قیادت کریں گے

دونوں کھلاڑیوں کی انجری کے بعد اب شاداب خان بھی ران کی انجری کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

جمعرات کو تورنگا میں شاداب خان کا ایم آر آئی اسکین ہو گا جس کے بعد ان کی انجری کی نوعیت کے بارے میں میں حتمی طور پر پتا چل سکے گا اور انہیں انجری سے بحالی میں وقت لگے گا۔

چونکہ شاداب 26 سے 30 دسمبر تک ماؤنٹ مانگنوئی میں ہونے والے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے اس لیے ٹیم مینجمنٹ نے ان کے متبادل کے طور پر ظفر گوہر کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

ظفر گوہر پاکستان شاہینز کے ساتھ ٹی20 سیریز کا حصہ تھے اور اب انہوں نے پاکستان کے اسکواڈ کو جوائن کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ٹی20 میں پاکستان کا زوال شروع ہوا نہیں، بلکہ اس کا آغاز ہوچکا ہے‘

بائیں ہاتھ کے 25 سالہ اسپنر اب تک 39 فرسٹ کلاس میچوں میں 144 وکٹیں لے چکے ہیں قائد اعظم ٹرافی 20-2019 کے سیزن میں وہ 3 8وکٹوں کے ساتھ تیسرے سب سے زیادہ کامیاب باؤلر تھے۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

محمد رضوان (کپتان)، عابد علی، اظہر علی، فیم اشرف، فواد عالم، حارث سہیل، عمران بٹ، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان، یاسر شاہ اور ظفر گوہر۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کو ٹی20 سیریز میں 1-2 سے شکست ہوئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں