سالگرہ سے قبل سلمان خان کا رہائش گاہ کے باہر مداحوں کے نام خصوصی نوٹس

اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2020
ہر سال سلمان خان کی سالگرہ کے موقع پر ممبئی میں اداکار کے اپارٹمنٹ کے باہر مداحوں کی بڑی تعداد جمع ہوتی ہے—فوٹو: انسٹاگرام
ہر سال سلمان خان کی سالگرہ کے موقع پر ممبئی میں اداکار کے اپارٹمنٹ کے باہر مداحوں کی بڑی تعداد جمع ہوتی ہے—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ اداکار سلمان خان 27 دسمبر کو 55 برس کے ہوجائیں گے لیکن سالگرہ سے قبل ہی دبنگ ہیرو نے اپنی رہائش گاہ کے باہر اپنے مداحوں کے لیے ایک خصوصی نوٹس جاری کیا ہے۔

ہر سال سلمان خان کی سالگرہ کے موقع پر ممبئی میں اداکار کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر مداحوں کی بڑی تعداد جمع ہوتی ہے اور ان کے جنم دن پر سلمان خان کی ایک جھلک دیکھنے کے منتظر ہوتے ہیں۔

تاہم اس سال سلمان خان کی سالگرہ کچھ مختلف ہوگی اور انہوں نے اس حوالے سے اپنی رہائش گاہ کے باہر نوٹس بھی آویزاں کیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس سال سلمان خان نے اپنے اپارٹمنٹس کے باہر ایک نوٹس لگایا ہے اور بتایا ہے کہ وہ گھر پر نہیں ہوں گے اور مداحوں سے باہر ہجوم میں نہ کھڑے ہونے اور سماجی فاصلے کا احترام کرنے پر زور دیا ہے۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ کی فلم میں سلمان خان 15 منٹ کی اداکاری کیلئے کاسٹ

سلمان خان کی جانب سے لگائے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ 'سالوں سے میری سالگرہ پر مداحوں کی محبت اور جوش و خروش بہت زیادہ ہوتا ہے لیکن اس سال میری عاجزانہ اپیل ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس اور سماجی فاصلے کی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے میرے گھر کے باہر ہجوم نہ ہو'۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

بولی وڈ دبنگ ہیرو نے کہا کہ 'ماسک پہنو ، ہاتھ سینیٹائز کرو اور سماجی فاصلہ برقرار رکھو۔'۔

اس کے ساتھ ہی سلمان خان نے بتایا کہ 'اس وقت میں گلیکسی میں نہیں ہوں‘۔

خیال رہے کہ سلمان خان جو ان دنوں بگ باس 14 کی میزبانی کر رہے ہیں انہیں آنے والی ویک اینڈ قسط میں ریئلٹی شو میں حصہ لینے والوں کی جانب سے سالگرہ کے موقع پر خصوصی پارٹی دی جائے گی۔

—فوٹو: سلمان خان انسٹاگرام
—فوٹو: سلمان خان انسٹاگرام

بھارتی چینل کلر کی جانب سے آن لائن شیئر کیے گئے پرومو میں روبینہ دیلائیک اور راہول ویدیا کو سلمان خان کے گانے 'یار نہ ملے'، وکاس گپتا اور عرشی خان کو 'کبوتر جا جا' جبکہ راکھی ساونت کو راہول مہاجن، ابھینو شکلا کو جیسمین بھاسن اور الے گوی کو نکی تمبولی کے ساتھ اداکار کے گانوں پر پرفارم کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کا فلم انڈسٹری کے 25 ہزار ملازمین کی مدد کا اعلان

بگ باس 14 کی برتھ ڈے اسپیشل قسط میں جیکولین فرنینڈز اور روینہ ٹنڈن بھی شریک ہوں گی جبکہ باگ باس کی سابقہ کھلاڑی شہناز گل بھی اس قسط کا حصہ بنیں گی۔

علاوہ ازیں سلمان خان نے حال ہی میں فلم 'انتم' کی شوٹنگ کا آغاز کیا ہے جس میں وہ پہلی مرتبہ اپنے بہنوئی آیوش شرما کے ساتھ آن اسکرین دکھائی دیں گے۔

فلم میں آیوش شرما گینگسٹر جبکہ سلمان خان ایک پولیس افسر کا کردار ادا کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں