طویل انتظار کے بعد فنٹیسی اینیمیٹڈ فلم ’سول‘ بھی آن لائن ریلیز

26 دسمبر 2020
ابتدائی طور پر فلم کو اگست میں ریلیز کیا جانا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
ابتدائی طور پر فلم کو اگست میں ریلیز کیا جانا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

رواں برس کورونا وائرس کے باعث تقریبا سال کے 12 سے 9 ماہ تک سینما بند رہے، جس وجہ سے میگا بجٹ فلموں کو بھی مجبوری کے تحت آن لائن ریلیز کیا گیا۔

سینما تھیٹرز بند ہونے کے باعث دیگر فلم پروڈکشن کمپنیز کی طرح ڈزنی اسٹوڈیو نے بھی ہسٹوریکل لائیو ایکشن تھرلر فلم ’مولان‘ سمیت دیگر فلمیں بھی آن لائن ریلیز کی تھیں۔

اور اب ڈزنی اسٹوڈیو کے پکسر اسٹوڈیو کی جانب سے تیار کردہ فنٹیسی اینیمیٹڈ فلم ’سول‘ کو بھی آن لائن ریلیز کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امریکا سمیت دنیا بھر میں وبا کے باعث تھیٹرز بند ہونے کی وجہ سے فلم کو اسٹریمنگ ویب سائٹ ڈزنی پلس پر ریلیز کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے نے فلم کے شائع کیے گئے تبصرے میں فلم کی کہانی اور کردار کی تعریف کرتے ہوئے اسے 4 میں سے 3 اسٹار دیے اور بتایا کہ فلم کو کہانی کی وجہ سے بہت سراہا جا رہا ہے۔

فلم کو 25 دسمبر کو ڈزنی پلس پر ریلیز کیا گیا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
فلم کو 25 دسمبر کو ڈزنی پلس پر ریلیز کیا گیا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

’سول‘ میں جہاں اچھوتی کہانی دکھائی گئی ہے، وہیں اس میں اس کائنات کا ایک اور سیارہ بھی دکھایا گیا ہے، جہاں پہنچنے کے بعد فلم کے کردار اس سیارے کو جنت سمجھ بیٹھتے ہیں۔

اپنی دنیا سے مختلف دکھائی دینے والی دنیا کو دیکھ کر فلمی کرداروں کو لگتا ہے کہ وہ جنت میں پہنچ چکے ہیں،تاہم درحقیقت وہ جنت میں نہیں بلکہ دوسرے سیارے میں پہنچ چکے ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اینیمیڈ فلم ’سول‘ آن لائن ریلیز کرنے کا اعلان

فلم کی کہانی ایک ہائی اسکول کے میوزک ٹیچر اور اس کے طالب علم کے گرد گھومتی ہے، فلم میں اسکول ٹیچر اپنے طالب علم کے روح کو اس کے جسم سے الگ کردیتا ہے۔

’سول‘ ڈزنی کے پکسر اینیمیشن اسٹوڈیو کی 26 فلم ہے، اس سے قبل پکسر کی ریلیز کی گئی تقریبا تمام ہی فنٹیسی اینیمیٹڈ یا سپر ہیرو فلمیں شائقین کا خوب توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

پکسر کے تحت ’ٹائی اسٹوری، فائنٹنگ نینو، دی انکریڈیبلز، کارز، کوکو، اور آن ورڈ‘ جیسی معروف فلم سیریز بھی ریلیز کی جا چکی ہیں، جن میں سے ’ٹائی اسٹوری‘ کی چار جب کہ ’دی انکریڈیبلز‘ اور ’کارز‘ سمیت دیگر چند فلموں کی دو دو فلمیں ریلیز کی جا چکی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں