دبئی کے ریسٹورنٹس کا کورونا ویکسین لگوانے والوں کیلئے ڈسکاؤنٹ کا اعلان

اپ ڈیٹ 26 جنوری 2021
جو ویکسن کا ایک ڈوز لے چکے ہیں انہیں 10 فیصد جبکہ وہ افراد جنہوں نے 2 ڈوز لیے ہیں انہیں 20 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا—فوٹو: فیس بک
جو ویکسن کا ایک ڈوز لے چکے ہیں انہیں 10 فیصد جبکہ وہ افراد جنہوں نے 2 ڈوز لیے ہیں انہیں 20 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا—فوٹو: فیس بک

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں عالمی وبا کے خلاف ویکسین مہم کے آغاز کے بعد دبئی کے ریسٹورنٹس نے کورونا وائرس کی ویکیسن لگوانے والے افراد کو ڈسکاؤنٹ دینے کی پیشکش کا اعلان کردیا۔

فرانسیسی خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب کے مطابق وہ ایک کروڑ افراد پر مشتمل آبادی میں سے 25 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین دے چکے ہیں۔

ریسٹورنٹ کے لیے گیٹس ہاسپیٹیلیٹی سے جاری کردہ سوشل میڈیا پوسٹس میں کہا گیا کہ محبت پھیلائیں۔

مزید پڑھیں: سعودیہ، بحرین و ابو ظبی کے بعد دبئی میں کورونا ویکسین کا استعمال شروع

اس پوسٹ میں ان رہائشیوں کو 10 فیصد ڈسکاؤنٹ کی پیش کش کی گئی ہے جو کورونا ویکسن کا ایک ڈوز لے چکے ہیں جبکہ وہ افراد جنہوں نے 2 ڈوز لیے ہیں انہیں 20 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں الپائن ریسٹورنٹ پبلک، برطانوی ریسٹورنٹ ریفارم سوشل اینڈ گرل اور الٹرا بریسری، سمیت گیٹس ہاسپیٹیلیٹی کی جانب سے چلائے جانے والے تمام ریسٹورنٹس نے کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کے لیے 10 اور 20 فیصد ڈسکاؤنٹس کا اعلان کیا۔

دوسری جانب گیٹس ہاسپیٹیلیٹی کے ماتحت بسترو دیس آرٹس ریسٹورنٹ نے بھی گزشتہ روز اسی ڈیل کا اعلان کیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

تاہم ڈسکاؤنٹ حاصل کرنے کے لیے کسٹمرز کو ویکسین لگوانے کا ثبوت جیسا کہ میڈیکل سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔

سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں کی جانب سے مذکورہ اقدام کا خیر مقدم کیا گیا تو کچھ نے تنقید بھی کی۔

ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ اسے 2 زاویوں سے دیکھا جاسکتا ہے یا تو یہ مارکیٹنگ کا ایک اور طریقہ ہے یا لوگوں کو ویکسین کی طرف راغب کرنے کا اصل محرک ہے۔

خیال رہے کہ دسمبر 2020 میں چینی کمپنی سائنوفارم اور امریکی دواساز فائزر اور اس کی جرمن پارٹنر بائیواین ٹیک کی تیار کردہ ویکسینز کی منظوری کے بعد دبئی سمیت متحدہ امارات میں ویکسین مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: چین کی کورونا ویکسین بیماری سے بچانے کے لیے 80 فیصد تک موثر ثابت

دبئی کے صحت حکام نے چند روز قبل کہا تھا کہ فائزر کی جانب سے ویکسین کی فراہمی میں تاخیر کے اعلان کے بعد اس مہم کو اسی رفتار پر واپس لانے میں وقت لگے گا جبکہ سائنوفارم کی ویکسین آسانی سے دستیاب ہے۔

سال 2021 میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے باوجود دبئی سیاحت کے لیے کھلا ہے، ریسٹورنٹ اور دیگر خدمات بھی دستیاب ہیں۔

تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے ماسک پہننا اور سماجی دوری برقرار رکھنا لازم ہے۔

گزشتہ ہفتے کے اواخر میں کچھ پابندیوں کو سخت کیا گیا تھا اور سماجی اجتماعات میں افراد کی تعداد 200 سے کم کرکے 10 کردی گئی جبکہ ریسٹورنٹس اور کیفے کو میزوں کے درمیان فاصلہ 2 میٹر سے بڑھا کر 3 میٹر کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں