برطانیہ، جنوبی افریقہ سمیت 6 ممالک پر سفری پابندیوں میں 28 فروری تک توسیع

30 جنوری 2021
پاکستان نے 6 ممالک پر سفری پابندیوں میں توسیع کی—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان نے 6 ممالک پر سفری پابندیوں میں توسیع کی—فائل فوٹو: اے ایف پی

راولپنڈی: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) نے کٹیگری سی والے ممالک جنوبی افریقہ، برطانیہ، برازیل، آئرلینڈ، پرتگال اور نیدرلینڈ (ہالینڈ) پر سفری پابنیوں میں 28 فروری تک توسیع کردی۔

تاہم اگر نیشل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے اجازت دی جائے تو ان ممالک سے سفر کرنے والے اب بھی پاکستان آسکتے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی سی اے اے نے بی اور سی کٹیگری میں موجود ممالک کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط کو بھی 96 گھنٹے سے کم کرکے 72 گھنٹے کردیا ہے۔

مزید یہ کہ دسمبر اور جنوری میں پی سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ سفر سے متعلق اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) میں بھی 28 فروری تک توسیع کردی ہے۔

مزید پڑھیں: برطانیہ، جنوبی افریقہ سے آنے والی پروازوں کے عملے کیلئے نئے ایس او پیز جاری

حکام کی جانب سے 24 ممالک کو کٹیگری اے اور 6 کو کٹیگری سی میں رکھا گیا ہے۔

پی سی اے اے کا کہنا تھا کہ کٹیگری اے میں شامل ممالک سے آنے والے بین الاقوامی مسافروں کے لیے پاکستان میں داخلے سے کووڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ ضرورت نہیں، تاہم کٹیگری بی میں شامل ممالک کے لیے پاکستان سفر کرنے سے (زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے قبل) کووڈ 19 ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

مزید یہ کہ سی کٹیگری والے ممالک کے مسافروں کو محدود اور صرف این سی او سی کی فراہم کردہ گائڈلائنز کے مطابق اجازت دی گئی ہے۔

کٹیگری سی والے ممالک سے مسافروں پر پابندی میں توسیع کووڈ 19 کی دوسری لہر کے دوران کیسز میں اضافے کے بعد کی گئی ہے۔

پی آئی اے کے طیارے کی واپسی

دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا طیارہ جو لیز کے تنازع پر برطانوی عدالت کے فیصلے کے باعث 2 ہفتے قبل ملائیشیا میں روک لیا گیا تھا اسے واپس اسلام آباد لے آیا گیا۔

مذکورہ طیارہ بدھ کو ریلیز کرکے پی آئی اے کے حوالے کیا گیا تھا۔

پی آئی اے کا بوئنگ 777 کوالالمپور سے 173 مسافروں کو لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعہ کی سہ پہر لینڈ کیا۔ واضح رہے کہ بدھ کو پی آئی اے عملے کے اراکین طیارے کو واپسی لانے کے لیے کراچی سے ملائیشیا گئے تھے جہاں بعد ازاں طیارہ مسافر پرواز کے طور پر لایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: لیز کا تنازع، ملائیشین عدالت کا پی آئی اے کا طیارہ ریلیز کرنے کا حکم

یاد رہے کہ لیزنگ کمپنی سے تنازع پر مقامی عدالت کے حکم کے بعد 15 جنوری کو ملائیشین حکام نے طیارے کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا، مذکورہ تنازع پر کمپنی نے ملائیشین عدالتمیں درخواست دی تھی۔

علاوہ ازیں قومی ایئرلائن نے ٹی ایم ایس مشینز پر بائیومیٹرک حاضری کو فعال کردیا۔

یہ حاضری کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے اور ملازمین کو ممکنہ خطرے سے تحفظ دینے کے لیے نومبر 2020 میں پورے پی آئی اے کے نیٹ ورک میں معطل کردی گئی تھی۔

یہ خبر 30 جنوری 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں