جنوبی افریقہ کے خلاف کلین سوئپ، معروف شخصیات قومی ٹیم کی معترف

اپ ڈیٹ 08 فروری 2021
پاکستان نے میچ میں 95 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 0-2 سے کلین سوئپ کیا — فوٹو: اے ایف پی
پاکستان نے میچ میں 95 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 0-2 سے کلین سوئپ کیا — فوٹو: اے ایف پی

دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی بدولت 95 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن جنوبی افریقہ نے 127 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی۔

مزید پڑھیں: حسن علی کی 10وکٹیں، پاکستان کا جنوبی افریقہ کے خلاف کلین سوئپ

پاکستان نے میچ میں 95 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 0-2 سے کلین سوئپ کر لیا، دوسری اننگز میں حسن علی نے 5 اور شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

حسن علی کو 10 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ محمد رضوان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

2003 کے بعد پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد کرکٹ شائقین کی جانب سے قومی ٹیم کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

سیریز میں کلین سوئپ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ’PakvRSA‘ ،’Congratulations Pakistan‘، ‘Hassan Ali کے ہیش ٹیگز بھی ٹرینڈ کررہے ہیں۔

قومی ٹیم کی جیت پر جہاں عوام خوش ہیں وہیں شوبز سمیت دیگر معروف شخصیات کی جانب سے قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا جارہا ہے۔

نامور اداکار ہمایوں سعید نے پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو سراہا۔

ہمایوں سعید نے ٹوئٹ میں حسن علی، شاہین آفریدی، بابراعظم کارکردگی کو بھی سراہا، انہوں نے لکھا کہ اس جیت کا کریڈٹ وقار یونس کو بھی جاتا ہے۔

اداکار ہمایوں سعید نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز جیتنے کو پاکستان کرکٹ کی عظیم فتح قرار دیا۔

گلوکار و میزبان فخر عالم نے بھی پاکستان کی جیت کو سراہا اور کہا کہ ہم نے اپنے وطن میں ٹیسٹ کرکٹ کا مضبوط کیس لڑا۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی قوم کو جیت کی مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ بہترین پرفارمنس، اس ٹیسٹ سیریز سے پوری ٹیم کو بہت زیادہ اعتماد ملے گا۔

انہوں نے 17 برس بعد جنوبی افریقہ کے خلاف جیت پر خوشی کا اظہار بھی کیا اور پاکستان آنے پر جنوبی افریقی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وفاقی وزیر برائے ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے قوم کو جیت کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔

صحافی احتشام الحق نے بھی قومی ٹیم کو جیت کی مبارکباد دی۔

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز نے بھی 17 برس بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم کی جیت پر مبارکباد دی۔

تبصرے (0) بند ہیں