کنگنا رناوٹ کو ٹوئٹر کے بعد انسٹاگرام اکاؤنٹ کی معطلی کا خدشہ

اپ ڈیٹ 10 مئ 2021
اداکارہ انسٹاگرام کو ٹوئٹر کے متبادل کے طور پر استعمال کررہی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ انسٹاگرام کو ٹوئٹر کے متبادل کے طور پر استعمال کررہی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے گزشتہ ہفتے گینگ ریپ اور نسل کشی سے متعلق متنازع ٹوئٹس کے باعث بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کا اکاؤنٹ بند کردیا تھا۔

جس کے بعد سے بولی وڈ اداکارہ انسٹاگرام کو ٹوئٹر کے متبادل کے طور پر استعمال کررہی ہیں لیکن انہیں خدشہ ہے کہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ایک ہفتے سے زائد عرصے تک فعال نہیں رہ سکے گا۔

دراصل 2 روز قبل کنگنا رناوٹ نے خود میں کورونا وائرس کی تشخیص سے متعلق بتاتے ہوئے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا تھا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ ان کے جسم میں کب سے وائرس موجود ہے تاہم اب انہوں نے ٹیسٹ کروایا تو انہیں پتا چلا کہ وہ کورونا کا شکار ہو چکی ہیں۔

مزید پڑھیں: کنگنا رناوٹ بھی کورونا کا شکار ہوگئیں

اداکارہ نے یوگا کرنے کی اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کچھ دن سے وہ آنکھوں میں جلن اور تھکاوٹ محسوس کر رہی تھیں مگر انہیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ انہیں کورونا ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ نے بتایا تھا کہ کورونا کی تشخیص کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے وبا سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل بھی کی۔

تاہم انہوں نے اپنی پوسٹ میں کورونا وائرس کو تباہ کرنے کی دھمکی دی تھی اور کہا تھا کہ یہ ایک چھوٹے سے وائرس کے سوا کچھ بھی نہیں جسے بہت زیادہ تشہیر ملی۔

بعدازاں انسٹاگرام کی جانب سے ان کی پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا گیا لیکن اداکارہ نے ڈیلیٹ کیے جانے کی وجہ نہیں بتائی۔

کنگنا رناوٹ نے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کیے جانے پر برہمی کا اظہار انسٹاگرام اسٹوریز کی صورت میں کیا۔

یہ بھی پڑھیں : گینگ ریپ اور نسل کشی کی ٹوئٹس کے بعد کنگنا رناوٹ کا اکاؤنٹ بند

انہوں نے لکھا کہ 'انسٹاگرام نے میری پوسٹ ڈیلیٹ کردی جس میں، میں نے کووڈ کو تباہ کرنے کی دھمکی دی تھی کیونکہ کچھ کو اس سے تکلیف ہوئی'۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکارہ نے مزید لکھا کہ 'ٹوئٹر پر دہشت گردوں اور کمیونسٹس کے ہمدردوں کا تو سنا تھا لیکن یہاں تو کووڈ فین کلب ہے'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'مجھے انسٹاگرام پر صرف 2 دن ہوئے ہیں لیکن میرا خیال ہے کہ میں یہاں (انسٹاگرام ) پر ایک ہفتہ بھی نہیں گزار سکوں گی'۔

تبصرے (0) بند ہیں