عالمی برادری ماحولیاتی تحفظ یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرے، وزیر اعظم

اپ ڈیٹ 04 جون 2021
وزیر اعظم نے ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا— فوٹو: اے پی پی
وزیر اعظم نے ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا— فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحولیات اور ایکو نظام کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کردار ادا کرے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں ماحولیاتی نظام کی بحالی سے متعلق اقوام متحدہ کے عشرے کے موضوع پر ورچوئل خطاب کیا۔

مزید پڑھیں: آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر پاکستان چھوڑنا چاہتے ہیں، وزیراعظم

ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان 10 ارب درخت لگانے کے منصوبے کے تحت ایک ارب درخت لگانے کا ہدف حاصل کر چکا ہے جو عالمی ماحولیاتی بہتری میں پاکستان کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے قومی پارکس کو بڑھانے کا پرجوش قدم اٹھایا ہے، ہم 9 قومی پارک بنانے جا رہے ہیں جن کا مقصد جنگلات کو بڑھانے، درختوں کی حفاظت اور جنگلی حیات کو تحفظ دینا ہے، گزشتہ ادوار میں قدرتی مسکن کے عدم دستیابی کی وجہ سے ہماری جنگلی حیات کو نقصان پہنچا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مینگرووز آکسیجن کا بڑا حصہ جذب کرتے ہیں لہٰذا ہم مینگرووز جنگلات کے رقبے کو بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پانی کی سطح کو بلند اور اپنی آب گاہوں کو بحال کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں کیونکہ ہمارے ملک میں پانی کی سطح گر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزارت ماحولیات 10 ارب درخت منصوبے کے خصوصی آڈٹ پر رضامند

عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران ہم نے ماحولیاتی اقدامات سے 80 ہزار گرین روزگار کے مواقع پیدا کیے جس سے دیہی خواتین اور نوجوانوں کو روزگار ملا۔

انہوں نے دنیا سے اپیل کی کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے آگے آئے اور درخت لگائے تاکہ اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ماحولیات کو تحفظ دیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ خوشی کا دن ہے کہ بلین ٹری منصوبہ اقوام متحدہ کی ایکونظام کی بحالی کے عشرے کا حصہ ہے جس کے تحت ہم نے ایک ارب درخت لگا لیے ہیں جبکہ ہمارا ہدف 2023 تک 10 ارب درخت لگانا ہے۔

مزید پڑھیں: موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ دور اندیش پالیسیوں کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے، دفتر خارجہ

وزیراعظم نے زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری ماحولیات اور ایکو نظام کے تحفظ کے لیے اجتماعی کردار ادا کرے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں