بولی وڈ اداکارہ گردہ ناکارہ ہونے کے باعث مدد کی طلب گار

اپ ڈیٹ 12 جولائ 2021
اداکارہ کے مطابق وہ ایک گردے پر ہی چل رہی تھی،جس نے اب کام کرنا چھوڑ دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق وہ ایک گردے پر ہی چل رہی تھی،جس نے اب کام کرنا چھوڑ دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کم از کم دو بولی رومانٹک کامیڈی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی نوجوان بھارتی اداکارہ نے گردوں کی بیماری کے باعث حکومت اور مداحوں سے مدد کی اپیل کردی۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق بھارتی ٹی وی کے مشہور شو ’کرائم پیٹرول‘ کی نوجوان اداکارہ اننیا سونی گردے ناکارہ ہونے کے باعث ہسپتال داخل ہیں، جہاں سے انہوں نے مدد کی اپیل کردی۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ کے 6 سال قبل 2015 میں دونوں گردے فیل ہوگئے تھے، جس کے بعد ان کے والد نے انہیں ایک گردہ عطیے کے طور پر دیا تھا مگر اب ان کا مذکورہ گردہ بھی درست کام نہیں کر رہا۔

اداکارہ نے اسی حوالے سے انسٹاگرام پر ہسپتال کے بسترے پر بنائی گئی ویڈیو بھی شیئر کی اور حکومت سمیت لوگوں سے مدد کی اپیل بھی کی۔

مذکورہ ویڈیو میں اداکارہ کو بسترے پر بیماری اور درد کی وجہ سے کمزور حالت میں دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ویڈیو میں انہیں انتہائی کم رفتار میں بولتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکارہ نے ویڈیو میں بتایا کہ انہیں فوری طور پر کچھ دوائیاں دے کر ان کی حالت کو کنٹرول میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کے بعد ممکنہ طور پر ان کا ڈائلاسز شروع کیا جائے گا۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ گردہ عطیہ کرنے والے ’ڈونر‘ کی بھی تلاش میں ہیں، تاہم انہیں تاحال کوئی خاص کامیابی نہیں ملی۔

ٹائم آف انڈیا کے مطابق اننیا سونی ’کرائم پیٹرول‘ سمیت چند ٹی وی شوز اور معروف ڈراموں ’عشق میں مرجاواں اور عادت‘ میں بھی کام کر چکی ہیں جب کہ وہ ’ٹیک اٹ ازی اور ہے اپنا دل تو آوارہ‘ جیسی فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔

کرائم پیٹرول میں اداکارہ پولیس افسر کا کردار ادا کرتی رہی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
کرائم پیٹرول میں اداکارہ پولیس افسر کا کردار ادا کرتی رہی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

بیماری سے قبل وہ تیلگو فلموں اور ڈراموں کی شوٹنگ میں مصروف تھیں، تاہم اچانک ان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ممبئی کے نجی ہسپتال داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ جلد ان کا ڈائلاسز شروع کردیا جائے گا۔

اننتا سونی نے حکومت اور مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے لوگوں سے گردہ عطیہ کرنے کی اپیل بھی کی اور بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ہی ان کے گھر میں آگ لگ گئی تھی، جس کی وجہ ان کی مالی حالت بھی خراب ہوگئی۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ اداکاری سے پیسے کما لیتی تھیں جب کہ ان کی والدہ گارمنٹس کا کاروبار کرتی تھیں مگر کچھ عرصہ قبل ان کے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس وجہ سے ان کا تمام سامان جل کر خاک ہوگیا اور بدترین مالی مشکلات کا شکار ہوگئے۔

تبصرے (0) بند ہیں