اولمپکس میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے ارشد ندیم کے بارے میں میرا کیا کہتی ہیں؟

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رپورٹر نے ایک مرتبہ  بھی میرا کی تصحیح نہیں کی— فائل فوٹو: انسٹاگرام
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رپورٹر نے ایک مرتبہ بھی میرا کی تصحیح نہیں کی— فائل فوٹو: انسٹاگرام

اپنے مختلف بیانات سے آئے دن خبروں میں رہنے والی لولی وڈ اداکارہ میرا کا حالیہ بیان سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے جس میں وہ اولمپکس میں جیولن تھرو میں پانچویں نمبر پر آنے والے ہاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی تعریف کررہی ہیں لیکن انہوں نے ایتھلیٹ کو کرکٹر سمجھ لیا۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم اولمپکس کے جیولین تھرو کے مقابلے میں سونے کے تمغے کے حصول کے لیے فائنل میں 12 ایتھلیٹس میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے تھے۔

فائنل میں سونے کے تمغے کے لیے ارشد کا مقابلہ عالمی نمبر ایک جرمنی کے جوہانس ویٹر اور 97.76 میٹر کی طویل تھرو پھینکنے والے عالمی نمبر دو جمہوریہ چیک کے جان زیلزنی سے ہوا۔

بعدازاں ارشد ندیم کی چھ میں سے دو تھرو ضائع ہوئیں اور اس طرح سے وہ جیولین تھرو کے مقابلے میں پانچویں نمبر پر رہے تھے۔

مزید پڑھیں: ٹوکیو اولمپکس: ارشد ندیم جیولین تھرو میں میڈل جیتنے میں ناکام

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں میرا نجی نیوز چینل 7 کا مائیک تھامے رپورٹر کے سامنے اپنی رائے کا اظہار کرتی نظر آرہی ہیں۔

50 سیکنڈ کے دورانیے پر مشتمل ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی جس پر مختلف قسم کے دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔

ویڈیو میں میرا کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ’ارشد ندیم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی، پاکستان کا نام روشن کیا'۔

میرا نے کہا کہ انہوں نے بہت اچھا کھلا، بڑی محنت نظر آ رہی تھی، ان کی جو باڈی لینگویج تھی اس میں بڑی دیانتداری، ایمانداری اور ڈسپلن تھا۔

اداکارہ میرا نے حکومت سے اپیل بھی کی کہ وہ 'پاکستان کے لیے کھیلنے والے ہمارے ہیروز کی قدر کرے، چاہے وہ فلم انڈسٹری کے لوگ ہوں یا ہماری کرکٹ میں جو ہیروز ہیں'۔

تاہم اس وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رپورٹر کی جانب سے ایک مرتبہ بھی میرا کی تصحیح نہیں کی گئی کہ ارشد ندیم کرکٹر نہیں بلکہ جیولن تھرو کرنے والے ایتھلیٹ ہیں۔

اس ویڈیو سے رپورٹر کا غیر پیشہ ورانہ رویہ بھی سامنے آتا ہے کہ اگر اداکارہ میرا کو معلوم نہیں تھا کہ ارشد ندیم کون ہے تو وہ یا تو انہیں بتاتے یا پھر ان سے ضمن میں سوال ہی نہ کرتے۔

یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم کے اولمپک فائنل میں پہنچنے پر شوبز شخصیات کا اظہارِ مسرت

50 سیکنڈ کے دورانیے پر مشتمل اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ میرا نے 2 سے 3 مرتبہ ارشد ندیم کو کرکٹر کہا لیکن نہ تو رپورٹر نے انہیں ٹوکا بلکہ یہی ویڈیو وائرل ہوگئی جس سے ایسا تاثر جاتا ہے کہ جس طرح اداکارہ کی انگریزی زبان کی غلطیوں پر انہیں مذاق کا نشانہ بنایا جاتا ہے یہ ویڈیو بھی اسی طرح وائرل کی گئی ہے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اکثر صارفین کی جانب سے انہیں تضحیک کا نشانہ بنایا گیا تو کچھ نے کہا کہ انہیں بھی معلوم نہیں ہے کہ ارشد ندیم کا تعلق کس کھیل سے ہے تو کچھ صارفین نے رپورٹر پر ہی تنقید کی۔

ملک یاسین نامی صارف نے لکھا کہ اس کی مصومیت دیکھو اور رپورٹر کا کام دیکھو! اس نے بھی نہیں بولا آپ غلط بول رہی ہیں۔

ایک اور صارف نے کہا کہ دوسروں کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے اس سے پتا چلتا ہے کہ آپ کی تربیت کیسے ہوئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں