ارشد ندیم کے اولمپک فائنل میں پہنچنے پر شوبز شخصیات کا اظہارِ مسرت

اپ ڈیٹ 05 اگست 2021
ارشد ندیم اب فائنل میں فن لینڈ کے کھلاڑی سے 7 اگست کو مقابلہ کریں گے—فوٹو: ٹوئٹر
ارشد ندیم اب فائنل میں فن لینڈ کے کھلاڑی سے 7 اگست کو مقابلہ کریں گے—فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان کے 24 سالہ ایتھلیٹ ارشد ندیم کی جانب سے ٹوکیو اولمپکس میں جیولن تھرو کے فائنل میں پہنچنے پر شوبز شخصیات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

ارشد ندیم نے 85.16 میٹر کے فاصلے پر جیولن پھینک کر گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور فائنل راؤنڈ میں ان کا مقابلہ فن لینڈ کے لاسی ایٹالٹو سے ہوگا جو 7 اگست کو کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ایتھلیٹ کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیے جانے پر 4 اگست کو وہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی رہے اور سیاسی و سماجی افراد کی طرح شوبز شخصیات نے ان کی تعریفیں بھی کیں۔

ٹی وی میزبان اور سوشل میڈیا انفلوئنسر وقار ذکا نے ارشد ندیم کی کارکردگی پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 8 گھنٹوں کے بعد یہ امید ہوئی ہے کہ اولمپک میں پاکستان کے حصے میں گولڈ میڈل آئے گا۔

ساتھ ہی انہوں نے ارشد ندیم کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ انہیں یقین ہے کہ ایتھلیٹ یہ کر کے دکھائیں گے۔

علی ظفر نے اولمپکس کے رزلٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرنے سمیت ارشد ندیم کی تصویر بھی ٹوئٹ کی اور ساتھ ہی انہیں داد دیتے ہوئے تالی بجانے کی ایموجی بھی شامل کی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

یاسر حسین نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں ان کی تعریف کرتے ہوئے صرف واہ واہ کا جملہ لکھا اور تالیاں بجانے کی تصویر شیئر کی۔

گلوکار عاصم اظہر نے بھی ایتھلیٹ کی کارکردگی پر انہیں داد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ فائنل میں بھی اسی طرح کا شاندار کھیل پیش کرکے سب کو خوش کردیں گے۔

ماڈل مشک کلیم نے بھی انسٹاگرام پر ارشد ندیم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا اور ساتھ ہی تالیاں بجانے کی ایموجی بھی شیئر کی۔

ہمایوں سعید نے ایتھلیٹ کے فائنل میں پہنچنے کو پاکستان کے لیے فخر کا مقام قرار دیا اور اپنی ٹوئٹ میں امید کا اظہار کیا کہ وہ مزید بہتر کھیل پیش کرکے لوگوں کو حیران کردیں گے۔

عدنان صدیقی نے بھی ایتھلیٹ کے فائنل میں پہنچنے کی خبر ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی کارکردگی پر فخر کیا۔

گلوکار عمیر جسوال نے بھی ایتھلیٹ کی کارکردگی پر ان کی تعریف کرتے ہوئے فائنل میں جیت کے لیے اُمید بھی ظاہر کی۔

تبصرے (0) بند ہیں