• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:28pm

اہلخانہ نے عمر شریف کے انتقال کی خبروں کی تردید کردی

عمر شریف نے 1970 کے بعد کم عمری میں کیریئر کا آغاز کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف نے 1970 کے بعد کم عمری میں کیریئر کا آغاز کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان کے مایہ ناز کامیڈین، اسٹیج اداکار و میزبان عمر شریف کے اہلخانہ نے سوشل میڈیا پر ان کے انتقال سے متعلق گردش کرنے والی پوسٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹھیک ہیں۔

گزشتہ روز سے سوشل میڈیا سائٹس بالخصوص ٹوئٹر و فیس بک پر یہ افواہیں زیر گردش ہیں کہ عمر شریف انتقال کرگئے۔

سوشل میڈیا پر نامعلوم ذرائع سے شیئر کی گئی پوسٹس میں عمر شریف کے انتقال کا دعویٰ کیا جارہا تھا اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے دعاؤں کی بھی درخواست کی گئی تھی۔

ٹوئٹر پر بھی کچھ لوگ ان کے انتقال کی افواہیں شیئر کرتے نظر آئے۔

تاہم کچھ لوگوں نے بغیر تصدیق کے ایسی خبریں پوسٹس کرنے پر تنقید بھی کی۔

اس حوالے سے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی نے جب عمر شریف کے اہلخانہ سے رابطہ کیا کہ تو ان کے بیٹے جاوید عمر نے مذکورہ افواہوں کی تردید کی اور کہا کہ خبر جھوٹ پر مبنی ہے۔

مزید پڑھیں: عمر شریف کی’علالت‘ کی خبروں پر اہلخانہ کی وضاحت

جاوید عمر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام افواہیں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔

دوسری جانب آرٹس کونسل کی میڈیا منیجر شیلا محمود نے بتایا کہ عمر شریف کے انتقال سے متعلق جھوٹی خبر گردش کررہی ہیں۔

شیلا محمود کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب ہی ان کی عمر شریف کے اہلخانہ سے بات ہوئی ہے اور وہ تندرست ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر عمر شریف کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں ویل چیئر پر بظاہر بیمار حالت میں دیکھا جا سکتا تھا۔

مذکورہ تصویر کو عمر شریف کے نام سے بنائے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا گیا تھا اور ساتھ ہی دعاؤں کی درخواست بھی کی گئی تھی۔

اداکار کو بیماری کی حالت میں دیکھ کر کئی لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی اور ملک بھر کے لوگ ان کے لیے دعائیں کرتے دکھائی دیے تھے۔

تصویر وائرل ہونے کے بعد انگریزی اخبار ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ میں اداکار کے اہلخانہ کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ عمر شریف کے اہلخانہ نے تصدیق کی کہ مذکورہ تصویر کچھ عرصہ قبل کی ہے جب کہ اداکار اپنے معمولی چیک اپ کے لیے ہپستال گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کی وائرل تصویر پر مداحوں کا اظہارِ تشویش

عمر شریف کی علالت سے متعلق گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں تھیں، رواں برس جولائی میں ان کے اور ان کی تیسری اہلیہ کے درمیان جائیداد کے تنازع کے وقت بھی اداکار کو ویل چیئر پر دیکھا گیا تھا۔

ماضی میں بھی ان کے انتقال کی افواہیں پھیلی تھیں— فائل فوٹو: فیس بک
ماضی میں بھی ان کے انتقال کی افواہیں پھیلی تھیں— فائل فوٹو: فیس بک

ماضی میں بھی عمر شریف کے بیمار ہونے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں اور 2017 میں بھی ان کی ہسپتال کے بسترے پر کھینچی گئی تصویر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے اہل خانہ نے وضاحت بھی جاری کی تھی۔

ان کے اہل خانہ نے 2017 میں بتایا تھا کہ اداکار کو سینے میں معمولی انفیکشن ہوگیا تھا جب کہ ان سے متعلق خبریں پھیلائی گئی تھیں کہ وہ کینسر کا شکار ہوگئے جب کہ بعض سوشل میڈیا پیجز پر ان کے انتقال کی افواہیں پھیلائی تھیں۔

گزشتہ برس فروری میں عمر شریف کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ان کی بیٹی گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کرنے والے گروہ کی غفلت کی وجہ سے انتقال کر گئیں، اس وقت بھی اداکار کو قدرے بیمار حالت میں دیکھا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’عمر شریف کسی سنگین بیماری میں مبتلا نہیں‘

بیٹی کے انتقال کےبعد عمر شریف کو زیادہ تر سوشل میڈیا سے دور دیکھا گیا جبکہ زائد العمری کے باعث وہ چند سال سے شوبز مصروفیات سے دور ہیں۔

2017 میں بھی عمر شریف کی ہسپتال کے بستر پر کھینچی گئی تصویر وائرل ہوئی تھی—اسکرین شاٹ
2017 میں بھی عمر شریف کی ہسپتال کے بستر پر کھینچی گئی تصویر وائرل ہوئی تھی—اسکرین شاٹ

خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔

عمر شریف ٹی وی، اسٹیج ایکٹر، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں انہوں نے اسٹیج و تھیٹر نہ صرف ملک میں بلکہ بیرونِ ملک بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامات میں پرفارمنس کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 7 دسمبر 2024
کارٹون : 6 دسمبر 2024