گانا کاپی کرنے پر نیہا ککڑ اور جوبن نوتیال کو پاکستانی شاعر و گلوکارہ کا جواب

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2021
شاعر اور گلوکارہ نے بھارتی فنکاروں کو چور قرار دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
شاعر اور گلوکارہ نے بھارتی فنکاروں کو چور قرار دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

معروف گانے ’بول کفارہ کیا ہوگا‘ کو الگ الگ کاپی کرکے اس پر گانے بنانے والے بھارتی گلوکار جوبن نوتیال اور نیہا ککڑ کو پاکستانی گلوکارہ سحر گل اور شاعر عاصم رضا نے کرارا جواب دیتے ہوئے بھارتی فنکاروں کو چور قرار دیا ہے۔

جوبن نوتیال اور نیہا ککڑ نے پاکستان کے مقبول گانے کی کاپی کے گانوں کو ایک ہی دن 25 ستمبر کو جاری کیا تھا۔

’بول کفارہ کیا ہوگا‘ کو ابتدائی طور پر سحر گل خان اور شہباز فیاض قوال نے 2018 میں گایا تھا، مذکورہ گانے کو ’بول بیٹس‘ میں پیش کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں ایک ڈرامے میں بھی شامل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نہیا ککڑ اور جوبن نوتیال نے پاکستانی گانے کو کاپی کرلیا

گانے کی مقبولیت اتنی بڑھ گئی تھی کہ دو بھارتی گلوکاروں نے ایک ہی دن گانے کی کاپیاں ریلیز کیں۔

بھارتی گلوکاروں کی جانب سے گانے کو اجازت کے بغیر کاپی کرنے اور اصل تخلیق کاروں کو کریڈٹ نہ دینے پر گلوکارہ سحر گل خان اور گانے کے شاعر عاصم رضا نے خاموشی توڑتے ہوئے ہندوستانی فنکاروں کو چور قرار دیا۔

گانے کے شاعر عاصم رضا نے اپنی ایک ٹوئٹ میں دونوں بھارتی گلوکاروں اور میوزک کمپنی ’ٹی سیریز‘ کو مینشن کرتے ہوئے انہیں اخلاقیات یاد دلائیں اور انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے چور قرار دیا۔

عاصم رضا نے لکھا کہ اگرچہ ان کے گانے کو بھارت کے معروف فنکاروں اور بڑی کمپنیوں نے مل کر چوری کیا لیکن اس کے باوجود وہ ان کے اوریجنل گانے جیسا گیت تیار نہ کر سکے۔

انہوں نے پاکستانی گلوکارہ سحر گل خان کی جانب سے گائے گئے ’بول کفارہ‘ کو ماسٹر پیس قرار دیا۔

عاصم رضا نے مذکورہ معاملے پر مزید ٹوئٹس کرتے ہوئے بھارتی گلوکاروں کو تجویز دی کہ اگر وہ تھوڑی سی مزید محنت کر لیتے تو وہ دوسروں کے گانے کو چوری کرنے کے بجایا نیا میلوڈی گانا تیار کر سکتے تھے۔

بول کفارہ گلوکارہ سحر گل خان نے بھی بھارتی فنکاروں کے خلاف انسٹاگرام اسٹوریز شیئر کیں—اسکرین شاٹ
بول کفارہ گلوکارہ سحر گل خان نے بھی بھارتی فنکاروں کے خلاف انسٹاگرام اسٹوریز شیئر کیں—اسکرین شاٹ

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے جوبن نوتیال کے کمنٹ پر بھی بات کی اور لکھا کہ بھلے وہ غلطی نہ مانیں، کیوں کہ ’راون‘ نے بھی اپنی غلطی کی معافی نہیں مانی تھی، شاعر کا اشارہ ’ہندو ازم‘ کی کتاب ’رامائن‘ میں دیوتاؤں کے حریف کردار ’راون‘ کی جانب تھا۔

سحر گل خان نے بھارتی فنکاروں کو چور قرار دیا—اسکرین شاٹ
سحر گل خان نے بھارتی فنکاروں کو چور قرار دیا—اسکرین شاٹ

عاصم رضا کی طرح گلوکارہ سحر گل خان نے بھی نیہا ککڑ اور جوبن نوتیال کی جانب سے اپنے گانے کو چوری کرنے پر مداحوں کی پوسٹس کے اسکرین شاٹ شیئر کیے۔

سحر گل خان نے انسٹاگرام اسٹوریز میں موسیقی مداحوں کی پوسٹس شیئر کیں، جنہوں نے بھارتی گلوکاروں کو چور قرار دیتے ہوئے پاکستانی گلوکارہ کے اصلی گانے کی تعریف کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں