مخنث عہدیدار نے امریکی پبلک ہیلتھ سروس میں فور اسٹار ایڈمرل کے عہدے کا حلف اٹھالیا

20 اکتوبر 2021
لیوائن ریچل امریکی عہدیداروں کے  اعلیٰ درجے پر تعینات ہونے والی پہلی مخنث بھی ہیں—فوٹو: رائٹرز
لیوائن ریچل امریکی عہدیداروں کے اعلیٰ درجے پر تعینات ہونے والی پہلی مخنث بھی ہیں—فوٹو: رائٹرز

امریکا کے مقامی میڈیا کے مطابق ملک کے اسسٹنٹ ہیلتھ سیکریٹری ڈاکٹر ریچل لیوائن، ایک مخنث افسر نے، ملک کے فور اسٹار ایڈمرل کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے جنوری میں 63 سالہ مخنث ڈاکٹر کو اپنے معاون سیکریٹری برائے صحت کے عہدے پر تعینات کیا اور سینیٹ نے رواں سال کے آغاز میں ان کے تقرر کی تصدیق کی۔

ریچل لیوائن، امریکا میں کسی اعلیٰ عہدے پر تعینات ہونے والی پہلی مخنث بھی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘دی واشنگٹن پوسٹ’ کے مطابق ریچل لیوائن اب امریکی محکمہ صحت کمیشن کور کی ایڈمرل بھی ہیں، یہ 6 ہزار افراد پر مشتمل ایک مضبوط فورس ہے جو ملک میں صحت سے متعلق مسائل پر کام کرتی ہے، کورونا وائرس ویکسین لگانا اور قدرتی آفات کے بعد امداد فراہم کرنے جیسے کام اس محکمے کی ذمہ داری میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میں 'خاتون' نہیں دراصل 'مخنث' ہوں، ہولی وڈ اداکارہ کا اعتراف

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی’ کی رپورٹ کے مطابق ریچل لیوائن نے اپنی حلف برادری کی تقریب کو ‘اہم’ اور ‘تاریخی’ قرار دیا۔

رپورٹ میں ریچل لیوائن کی گفتگو کا حوالہ دیا گیا، جس میں انہوں نے کہا کہ ‘شاید آج ہونے والی تعیناتی آئندہ بہت سے آنے والوں کے لیے راہ ہموار کرے گی تاکہ ہم وسیع اور شراکت داری پر مبنی مستقبل تعمیر کرسکیں’۔

واشنگٹن پوسٹ نے لکھا کہ ایک علیحدہ انٹرویو میں ریچل لیوائن نے اس بات پر زور دیا ایڈمرل کی پوزیشن ‘صرف علامتی نہیں ہے’ اور اب وہ سرکاری محکمہ صحت کو بہترین شکل دینے کی ترجیحات میں کردار ادا کریں گی۔

مزید پڑھیں: امریکی انتخابات میں پہلی بار تین 'خواجہ سرا' کامیاب

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ فوری طور پر امریکی ہیلتھ کمیشن کور کا یونیفارم پہننا شروع کردیں گی۔

بطور اسٹسٹنٹ ہیلتھ سیکریٹری تعیناتی سے قبل ریچل لیوائن نے 2017 میں امریکی ریاست پنسلوانیا میں سرفہرست عہدیدار کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور کورونا وائرس کے دوران ریاست میں ایک عوامی نمائندے کے طور پر ابھر کر سامنے آئیں۔

ہاورڈ یونیورسٹی اور ٹولین میڈیکل اسکول سے پاس ہونے والی ریچل لیوائن ریاستی ایسوسی ایشن کی صدر اور علاقائی عہدیدار ہیں۔

انہوں نے ماضی میں اوپائیڈ بحران، طبی منشیات، نو عمر کے لیے ادویات، کھانے کی خرابی اور ایل جی بی ٹی کیو کی ادویات سے متعلق تحریریں لکھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں