ہانیہ عامر کی ’پردے میں رہنے دو‘ کے ذریعے بڑے پردے پر واپسی

15 نومبر 2021
ہانیہ عامر تین سال بعد بڑے پردے پر واپسی کر رہی ہیں—پرومو فوٹو
ہانیہ عامر تین سال بعد بڑے پردے پر واپسی کر رہی ہیں—پرومو فوٹو

فلم ساز وجاہت رؤف کی آنے والی مصالحہ ڈراما فلم ’پردے میں رہنے دو‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں تمام مرکزی کرداروں کو دکھایا گیا ہے۔

’پردے میں رہنے دو‘ کے ذریعے ہانیہ عامر لگ بھگ تین سال بعد بڑے پردے پر واپسی کر رہی ہیں، اس سے قبل وہ آخری بار 2018 کی فلم ’پرواز ہے جنون‘ میں مرکزی کردار میں نظر آئی تھیں۔

ہانیہ عامر ’پرواز ہے جنون‘ کے بعد ’سپر اسٹار اور لوڈ ویڈنگ‘ جیسی فلموں میں بھی مختصر کردوں میں دکھائی دی تھیں مگر وہ فلم کی کاسٹ کا حصہ نہیں تھیں۔

اور اب ان کی آنےو الی مصالحہ فلم ’پردے میں رہنے دو‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہانیہ عامر اور علی رحمٰن کی فلم 'پردے میں رہنے دو' کا پوسٹر جاری

فلم ساز وجاہت رؤف، ہانیہ عامر اور علی رحمٰن نے فلم کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری سنائی کہ جلد ہی فلم کو ریلیز کیا جائے گا۔

ٹیزر میں ہانیہ عامر اور علی رحمٰن سمیت جاوید شیخ کا کردار بھی دکھایا گیا ہے جب کہ مختصر دورانیے کے ٹیزر میں مرکزی اداکاروں کو گانے پر پرفارم کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر میں ہانیہ عامر اور علی رحمٰن کو فلم کے مرکزی گانے ’پردے میں رہنے دو‘ پر پرفارم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ شائقین کو ’پردے میں رہنے دو‘ میں خوب انٹرٹیمنٹ دیکھنے کو ملے گی۔

مزید پڑھیں: ’پردے میں رہنے دو‘ احسن خان کی نئی مصالحہ فلم

’پردے میں رہنے دو‘ کی کہانی محسن علی نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات وجاہت رؤف نے دی ہیں اور انہوں نے ہی اہلیہ شازیہ وجاہت کے ہمراہ فلم کو پروڈیوس کیا ہے۔

فلم میں وجاہت رؤف کے بیٹے عاشر وجاہت کو بھی بطور موسیقار شامل کیا گیا ہے جب کہ فلم کی کاسٹ میں جاوید شیخ، ہانیہ عامر، علی رحمٰن کے علاوہ سعدیہ فیصل، منزہ زہرہ اور سونیا نذیر سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

فلم کے ٹیزر کو جاری کرتے ہوئے ٹیم نے اس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی ’پردے میں رہنے دو‘ کا ٹریلر جاری کرکے اس میں نمائش کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ’پردے میں رہنے دو‘ کے سال نو کے موقع پر پیش کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں