ڈھاکا: دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل بارش کی نذر

05 دسمبر 2021
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور اظہر علی بارش کے سبب کھیل شروع ہونے کا انتظار کررہے ہیں— فوٹو شکریہ پاکستان کرکٹ
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور اظہر علی بارش کے سبب کھیل شروع ہونے کا انتظار کررہے ہیں— فوٹو شکریہ پاکستان کرکٹ

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کا اکثر حصہ بھی بارش کی نذر ہو گیا اور میچ کے دوسرے دن صرف 6 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔

ڈھاکا میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے دن کے کھیل کا آغاز پہلے سیشن کے آغاز بارش کے سبب نہ ہو سکا اور جس کی وجہ سے جلدی کھانے کا وقفہ لے لیا گیا۔

دوسرے سیشن کے دوران کھیل کا آغاز ہوا تو کپتان بابر اعظم اور اظہر علی نے 161رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل دوبارہ شروع کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 100 رنز کی شراکت بھی مکمل کی جبکہ اس دوران اظہر نے بھی ففٹی تک رسائی حاصل کی۔

ابھی اسکور 188 تک پہنچا ہی تھا کہ میچ میں ایک مرتبہ پھر بارش نے مداخلت کردی جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کی راہ لینا پڑی۔

بارش کا سلسلہ مسلسل جاری رہنے کے سبب امپائرز نے دوسرے دن کا کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور صرف 6.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔

جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 188رنز بنائے تھے، اظہر علی 52 اور بابر 71رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ میچ کا پہلا دن بھی بارش سے متاثر رہا تھا اور 57اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا تھا۔

گزشتہ میچ کی دونوں اننگز میں سنچری شراکت بنانے والے اوپنرز عبداللہ شفیق اور عابد علی نے اس میچ میں بھی ٹیم کو 59رنز کا آغاز فراہم کا تھا جس کے بعد دونوں اوپنرز بالترتیب 25 اور 39رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تھے۔

اس کے بعد اظہر علی اور بابر نے قومی ٹیم کو سنبھالا دیا تھا اور تیسرے دن عمدہ شراکت قائم کر کے اسکور کو 161تک پہنچا دیا تھا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے دونوں وکٹیں تیج الاسلام نے حاصل کی تھیں۔

واضح رہے کہ میچ میں دو دن کے دوران اب تک صرف 63.2اوورز کا کھیل ہو سکا ہے اور آنے والے دنوں میں بارش کی پیش گوئی کے سبب میچ ڈرا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں