’گھبرانا نہیں ہے‘ کو عیدالفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان

20 دسمبر 2021
فلم کو عیدالفطر پر ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
فلم کو عیدالفطر پر ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

طویل انتظار کے بعد وزیر اعظم عمران خان کے مشہور جملے ’گھبرانا نہیں ہے‘ پر بنائی جانے والی رومانٹک کامیڈی ایکشن فلم کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے رواں برس عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

’جے بی پروڈکشن اور جیو فلمز‘ کے بینر تلے بننے والی فلم میں زاہد احمد، صبا قمر، سید جبران، نیر اعجاز، افضل خان (ریمبو)، سہیل احمد اور ثاقب خان سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

فلم کو نیوپلیکس سینما کے مالک، صنعت کار جبران بیگ اور حسن ضیا نے پروڈیوس کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'کملی' کی ریلیز سے قبل صبا قمر نے’گھبرانا نہیں ہے‘ سائن کرلی

جاری کیے گئے مختصر ٹیزر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ شائقین کو کامیڈی اور رومانس کے ساتھ ایکشن بھی دیکھنے کو ملے گا۔

ٹیزر سے معلوم ہوتا ہے کہ فلم میں زاہد احمد پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے جب کہ نیر اعجاز بھی اعلیٰ افسر کا کردار ادا کریں گے۔

ٹیزر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ صبا قمر کو ٹرائی اینگل محبت میں دکھایا جائے گا یعنی وہ ممکنہ طور پر سید جبران اور زاہد احمد کے ساتھ رومانس کرتی دکھائی دیں گی۔

مزید پڑھیں: سید جبران اداکارہ صبا قمر کے ساتھ ’گھبرانا نہیں ہے کے ذریعے فلم ڈیبیو کرنے کو تیار

تاہم فلم کی کہانی کے حوالے سے ماضی میں پروڈیوسر جبران بیگ نے ’ڈان آئیکون‘ کو بتایا تھا کہ مذکورہ فلم صرف کامیڈی پر مشتمل نہیں ہے بلکہ یہ ایک اہم سماجی مسئلے پر مبنی ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ فلم کی کہانی خواتین کی خودمختاری اور خواتین کو طاقتور بنانے کے گرد گھومتی ہے اور فلم میں نہ صرف سماجی بلکہ سیاسی مسائل کو بھی منفرد اور ہلکے پھلکے انداز میں دکھایا گیا ہے۔

جبران بیگ کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی ایک بیٹی اور ان کے والد کے گرد گھومتی ہے اور ان کا خاندان جب مشکل میں پھنس جاتا ہے تو بیٹی والد کو کہتی ہیں کہ ’گھبرانا نہیں ہے‘ وہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے موجود ہیں۔

ان کی طرح فلم کے ہدایت کار ثاقب خان نے بھی بتایا تھا کہ فلم کی کہانی میں 4 مرکزی کردار دکھائے گئے ہیں اور فلم میں کوئی بھی ہیروئن نہیں ہے، تاہم صبا قمر اہم کردار میں دکھائی دیں گی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ فلم میں پیغام دیا گیا ہے کہ بیٹیاں بھی بیٹوں کی طرح باہمت ہوتی ہیں اور وہ مشکل وقت آنے پر خاندان کا سہارا بنتی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں