کورونا میں بھی فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ کی شوٹنگ جاری

اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2020
فلم میں صبا قمر مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی—فوٹو: ڈان آئیکون
فلم میں صبا قمر مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی—فوٹو: ڈان آئیکون

وزیر اعظم عمران خان کے مشہور جملے ’گھبرانا نہیں ہے‘ پر بنائی جانے والی فلم کی شوٹنگ رواں برس مارچ میں اس وقت روک دی گئی تھی جب ملک میں کورونا کی پہلی لہر تیزی سے پھیل رہی تھی۔

تاہم اب فلم کی شوٹنگ کا دوبارہ آغاز کردیا گیا اور فلم کی ٹیم کو اُمید ہے کہ اسے آئندہ سال کے وسط یا اختتام تک ریلیز کردیا جائے گا۔

’گھبرانا نہیں ہے‘ کی کاسٹ میں صبا قمر، سید جبران، زاہد احمد اور نیر اعجاز سمیت دیگر اداکار شامل ہیں جب کہ اس فلم کی ہدایات کے ذریعے ثاقب خان ڈائریکٹوریل ڈیبیو کریں گے۔

’گھبرانا نہیں ہے‘ کو نیوپلیکس سینما کے مالک، صنعت کار جبران بیگ پروڈیوسر حسن ضیا کے ساتھ پروڈیوس کر رہے ہیں۔

ڈان آئیکون میں شائع محمد کامران جاوید کے مضمون کے مطابق کورونا کی دوسری لہر کے باوجود سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ کی شوٹنگ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جاری ہے۔

فلم کی شوٹنگ کراچی کے ضلع ملیر میں جاری ہے—فوٹو: ڈان آئیکون
فلم کی شوٹنگ کراچی کے ضلع ملیر میں جاری ہے—فوٹو: ڈان آئیکون

’گھبرانا نہیں ہے‘ کی شوٹنگ اس وقت کراچی کے ضلع ملیر میں جاری ہے، جہاں پر فلم کے مرکزی اور اہم سین فلمائے جانے ہیں۔

فلم کی شوٹنگ، کہانی، اداکاری اور فلم سے وابستہ توقعات سے متعلق بات کرتے ہوئے فلم پروڈیوسر جبران بیگ نے بتایا کہ مذکورہ فلم صرف کامیڈی پر مشتمل نہیں ہے بلکہ یہ ایک اہم سماجی مسئلے پر مبنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سید جبران کے بعد ایک اور اداکار صبا قمر کی فلم گھبرانا نہیں ہے میں کاسٹ

انہوں نے بتایا کہ فلم کی کہانی خواتین کی خودمختاری اور خواتین کو طاقتور بنانے کے گرد گھومتی ہے اور فلم میں نہ صرف سماجی بلکہ سیاسی مسائل کو بھی منفرد اور ہلکے پھلکے انداز میں دکھایا گیا ہے۔

جبران بیگ نے بتایا کہ فلم کی کہانی ایک بیٹی اور ان کے والد کے گرد گھومتی ہے اور ان کا خاندان جب مشکل میں پھنس جاتا ہے تو بیٹی والد کو کہتی ہیں کہ ’گھبرانا نہیں ہے‘ وہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے موجود ہیں۔

نیر اعجاز بھی فلم میں مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے—فوٹو: ڈان آئیکون
نیر اعجاز بھی فلم میں مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے—فوٹو: ڈان آئیکون

ہدایت کار ثاقب خان نے بتایا کہ فلم کی کہانی میں 4 مرکزی کردار دکھائے گئے ہیں اور فلم میں کوئی بھی ہیروئن نہیں ہے، تاہم صبا قمر اہم کردار میں دکھائی دیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ فلم میں پیغام دیا گیا ہے کہ بیٹیاں بھی بیٹوں کی طرح باہمت ہوتی ہیں اور وہ مشکل وقت آنے پر خاندان کا سہارا بنتی ہیں۔

مزید پڑھیں: صبا قمر اور زاہد احمد کی فلم گھبرانا نہیں ہے کی شوٹنگ کورونا کے باعث مؤخر

انہوں نے بتایا کہ فلم میں نہ صرف سماجی مسائل کو دکھایا جائے گا بلکہ اس میں رومانس، کامیڈی اور آرٹ بھی دیکھنے کو ملے گا، تاہم یہ مصالحہ و کمرشل فلم نہیں ہوگی۔

فلم کے حوالے سے اداکار زاہد احمد نے بتایا کہ وہ فلم میں ایک پولیس افسر کے کردار میں دکھائی دیں گے اور انہیں اُمید ہے کہ ان کا کردار عوام کو پسند آئے گا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ اتفاق ہے کہ ’گھبرانا نہیں ہے‘ میں ان کی جانب سے پولیس افسر کے کردار ادا کرنے سے قبل ہی ایک اور آنے والی پاکستانی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ میں بھی فہد مصطفیٰ پولیس افسر کے کردار میں دکھائی دیں گے۔

زاہد احمد فلم میں پولیس افسر کے کردار میں دکھائی دیں گے—فوٹو: ڈان آئیکون
زاہد احمد فلم میں پولیس افسر کے کردار میں دکھائی دیں گے—فوٹو: ڈان آئیکون

انہوں نے کہا کہ انہیں اُمید ہے کہ فلموں میں پولیس افسران کے کردار دکھائے جانے پر عوام خوش ہوں گے اور اس طرح سے عوام میں پولیس کا تشخص بھی بہتر ہوگا اور اداکار بھی شائقین کے قریب آئیں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’گھبرانا نہیں ہے‘ کی شوٹنگ کب تک مکمل کرلی جائے گی تاہم امکان ہے کہ فلم کی شوٹنگ 2021 کے وسط تک مکمل کرلی جائے گی۔

ساتھ ہی فلم کے پروڈیوسر جبران بیگ نے انکشاف کیا کہ ’گھبرانا نہیں ہے‘ کے بعد جلد ہی وہ نئے سال میں مزید 2 نئی فلموں کی شوٹنگ کا بھی آغاز کریں گے۔

فلم کے ذریعے ثاقب خان ڈائریکٹوریل ڈیبیو کریں گے—فوٹو: ڈان آئیکون
فلم کے ذریعے ثاقب خان ڈائریکٹوریل ڈیبیو کریں گے—فوٹو: ڈان آئیکون

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں