لتا منگیشکر کی صحت کے حوالے سے جھوٹی خبروں پر اہل خانہ پریشان

22 جنوری 2022
گلوکارہ کو 8 جنوری کو ہسپتال داخل کرایا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
گلوکارہ کو 8 جنوری کو ہسپتال داخل کرایا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

برصغیر کی معروف اور بھارت کی ’کوئل‘ کہلائی جانے والی لیجنڈری گلوکارہ 92 سالہ لتا منگیشکر گزشتہ دو ہفتوں سے ’نمونیا‘ بخار اور ’کورونا‘ کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے مختلف افواہیں پھیلنے پر ان کے اہل خانہ پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’نئی دہلی ٹیلی وژن‘ (این ڈی ٹی وی) کے مطابق لتا منگیشکر کی صحت کے حوالے سے جعلی خبریں پھیلنے کے بعد مرکزی وزیر اور سابق اداکارہ سمرتی ایرانی بھی پریشان دکھائی دیں اور انہوں نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے عوام سے اپیل کی کہ وہ لیجنڈری گلوکارہ کے حوالے سے افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔

سمرتی ایرانی نے لتا منگیشکر کے اہل خانہ کی جانب سے ہسپتال کی ڈاکٹر کی جانب سے بھیجے گئے پیغام کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔

ڈاکٹر کے پیغام کے مطابق اگرچہ تاحال لتا منگیشکر انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہیں، تاہم ان کی طبیعت میں بہتری ہونا شروع ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لتا منگیشکر’نمونیا‘ کے بعد کورونا کا شکار

مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے لوگوں سے لتا منگیشکر کے حوالے سے افواہیں نہ پھیلانے سمیت ان کی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔

اسی حوالے سے ’انڈین ایکسپریس‘ نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ لتا منگیشکر کی صحت میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، تاہم انہیں تاحال آئی سی یو میں ہی رکھا گیا ہے۔

رپورٹ میں ہسپتال اور لتا منگیشکر کے خاندانی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ زائد العمری کی وجہ سے لتا منگیشر کی حالت انتہائی سست رفتاری سے بہتر ہو رہی ہے، تاہم وہ پہلے سے کافی بہتر ہے۔

اہل خانہ کے مطابق گلوکارہ کی حالت بدستور بہتر ہو رہی ہے—فائل فوٹو: فیس بک
اہل خانہ کے مطابق گلوکارہ کی حالت بدستور بہتر ہو رہی ہے—فائل فوٹو: فیس بک

اس سے قبل گزشتہ روز ’انڈین ایکسپریس‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ لتا منگیشکر کے ترجمان نے ان کی صحت کے حوالے سے پھیلنے والی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی خبروں میں کوئی سچائی نہیں کہ گلوکارہ کی حالت مزید خراب ہوگئی۔

ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ لتا منگیشکر نے دو دن قبل ہی دو ہفتوں کے بعد کھانا پینا شروع کیا ہے، تاہم تاحال انہیں آئی سی یو میں ہی رکھا گیا ہے اور انہیں مزید کچھ وقت ہے لیے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہی رکھا جائے گا۔

لتا منگیشکر کو 8 جنوری کو ’نمونیا‘ بخار اور کورونا ہونے کے بعد ممبئی کے نجی ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔

زائد العمری کی وجہ سے پہلے ہی ڈاکٹرز نے کہا تھا کہ لیجنڈری گلوکارہ کو کئی دن میں آئی سی یو میں رکھا جائے گا، کیوں کہ ’نمونیا‘ نے انہیں شدید متاثر کیا ہے۔

مزید پڑھیں: لتا منگیشکر 10 دن سے آئی سی یو میں داخل

تقریبا 10 دن گزر جانے کے باوجود لتا منگیشکر تاحال آئی سی یو میں داخل ہیں اور گزشتہ چند روز سے ان کی صحت اور زندگی سے متعلق بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر مختلف افواہیں بھی پھیل رہی ہیں۔

لیجنڈری گلوکارہ کو سانس لینے میں مشکلات کا مسئلہ دیرینہ ہے، انہیں دسمبر 2019 میں بھی سانس لینے میں تکلیف کے باعث ایک ماہ تک ہسپتال میں رکھا گیا تھا۔

لتا منگیشکر کو بھارت کی ہر دور کی مقبول گلوکارہ مانا جاتا ہے، وہ پاکستان کے علاوہ دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں بھی یکساں مقبول ہے۔

ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں 28 ستمبر 1929 کو پید اہونے والی لتا منگیشکر کو ان کی گلوکاری کے عوض بھارت کے بڑے سول ایوارڈز سمیت انہیں متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

آواز کی کوئل کہلائی جانے والی گلوکارہ 2019 میں ایک ماہ تک ہسپتال میں زیر علاج رہی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
آواز کی کوئل کہلائی جانے والی گلوکارہ 2019 میں ایک ماہ تک ہسپتال میں زیر علاج رہی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں