ساؤتھ پارک تجاوزات کیس: کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے سربراہ عدالت طلب

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2022
درخواست گزار نے کہا کہ پارک کے احاطے میں تعمیرات ایک ہزار مربع فٹ سے زیادہ ہے— فائل فوٹو:وکی میڈیا کامنز
درخواست گزار نے کہا کہ پارک کے احاطے میں تعمیرات ایک ہزار مربع فٹ سے زیادہ ہے— فائل فوٹو:وکی میڈیا کامنز

سندھ ہائی کورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کے سربراہ کو طلب کرتے ہوئے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں پارک کی بحالی کے حوالے سے رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے حکم دیا ہے کہ سی بی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر یا ڈپٹی سی ای او سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق پارک کے احاطے سے تجاوزات ہٹانے کے حوالے سے تعمیلی رپورٹ کے ساتھ 28 فروری کو عدالت میں پیش ہوں۔

بینچ نے اپنے حکم میں کہا کہ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت عظمیٰ کے ڈی ایچ اے فیز 2 میں ساؤتھ پارک کی بحالی سے متعلق 2018 میں جاری کردہ حکم کا حوالہ دیا۔

درخواست گزار نے سندھ ہائی کورٹ کے 2017 کے ایک فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا تھا جس میں پارک کی بحالی کے لیے دائر درخواست مسترد کردی گئی تھی۔

عدالت عظمیٰ نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کو ہدایت کی تھی کہ وہ پانی صاف کرنے والے پلانٹ اور پارک کی دیکھ بھال کرنے والے کے شیلٹر کو پارک کے صرف 11 سو مربع فٹ کے مخصوص رقبے تک رکھے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا کراچی میں جھیلیں اور پارکس بحال کرانے کا حکم

سندھ ہائی کورٹ کے بینچ نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے حکم کے بعد عدالتی ناظر نے پارک کا معائنہ کیا اور آرکیٹیکٹ انجینئر کی رپورٹ کے ساتھ بیان ریکارڈ کرایا جب کہ سی بی سی نے بھی رپورٹ جمع کرائیں۔

تاہم درخواست گزار کے وکیل نے سی بی سی کی رپورٹس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ آرکیٹیکٹ کی رپورٹ کے مطابق شیلٹر کا کنٹینر پارک کے 747 مربع فٹ پر محیط ہے جبکہ پانی صاف کرنے والے پلانٹس 342 اور پانی ذخیرہ کرنے والا ٹینک 907 مربع فٹ پر ممشتمل ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پارک کے احاطے میں تعمیرات ایک ہزار مربع فٹ سے زیادہ ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں