’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کو مارچ میں ریلیز کرنے کا اعلان

14 فروری 2022
فلم میں صنم سعید ہیروئن کے طور پر دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ
فلم میں صنم سعید ہیروئن کے طور پر دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ

محب مرزا کی ڈائریکٹوریل ڈیبیو ایکشن کامیڈی تھرلر فلم ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ مارچ کے آغاز میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

احسن رضا فردوسی کی لکھی گئی فلم کی ہدایات جہاں محب مرزا نے دی ہیں، وہیں اس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی حیثیت سے ان کا ساتھ تحسین خان اور پرمیش ادیوال نے بھی دیا ہے۔

فلم کے جاری کیے گئے مختصر ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ شائقین کو نہ صرف ایکشن بلکہ سسپنس، مصالحہ اور ممکنہ طور پر آئٹم سانگ بھی دیکھنے کو ملیں گے۔

جاری کیے گئے ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ ’عشرت‘ یعنی محب مرزا کے حریف انہیں مار کر دریا میں پھینک دیتے ہیں مگر پھر وہ زندہ ہوکر واپس آتا ہے اور اپنے حریفوں کو تنگ کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ سے محب مرزا ہدایت کاری کرنے کو تیار

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والے فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) کو ٹیزر میں محب مرزا کے حریف کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

فلم کے مرکزی ولن کا کردار ایچ ایس وائے نے ہی ادا کیا ہے، تاہم عشرت کو سبق سکھانے کے لیے ان کی گینگ میں دیگر خطرناک افراد کو بھی شامل کیا ہے۔

ٹریلر میں صنم سعید کے کردار کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں، جنہیں عشرت کی محبت کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں آئٹم سانگ بھی ہوں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے اور فلم کی ٹیم نے بھی اس ضمن میں کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔

عشرت: میڈ ان چائنا‘ سے محب مرزا ہدایت کاری جب کہ ایچ ایس وائے فلمی اداکاری کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، علاوہ ازیں مذکورہ فلم کے ذریعے سارہ لورین بھی بولی وڈ کے بعد پاکستانی فلموں میں واپسی کر رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ میں مردہ عشرت کی واپسی

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ محب مرزا کے 2006 کے مقبول کامیڈی ڈرامے ’عشرت باجی‘ کا تسلسل ہے اور مذکورہ فلم میں جہاں وہ اداکاری کرتے دکھائی دیں گے، وہیں وہ اس کے ذریعے ہدایت کاری کی دنیا میں بھی قدم رکھیں گے۔

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کی شوٹنگ چین کے بجائے تھائی لینڈ میں کی گئی تھی اور گزشتہ برس شوٹنگ کے دوران کورونا کی وبا کے باعث فلم کی ٹیم وہاں پھنس بھی گئی تھی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

فلم کی کاسٹ میں صنم سعید، سارہ لورین، شمعون عباسی، علی کاظمی، مانی، شبیر جان، نیر اعجاز، امام سید اور مصطفیٰ چوہدری شامل ہیں۔

فلم کو آئندہ ماہ 3 مارچ کو سینماؤں کی زینت بنایا جائے گا، جس کے بعد ممکنہ طور پر اسے چین میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔

لوگوں نے فلم کو اکشے کمار کی فلم کی کاپی قرار دیا—اسکرین شاٹ
لوگوں نے فلم کو اکشے کمار کی فلم کی کاپی قرار دیا—اسکرین شاٹ

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد کچھ لوگوں نے اس پر بولی وڈ فلم ’چاندنی چوک ٹو چائنا‘ کی کاپی کا الزام بھی لگایا۔

صارفین نے محب مرزا اور صنم سعید کی فلم کا ٹریلر دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا کہ انہیں پاکستانی فلم دیکھنے کے بعد اکشے کمار اور دپیکا پڈوکون کی فلم یاد آگئی۔

لوگوں کے مطابق دونوں فلموں کے ٹریلر اور مناظر کافی ملتے جلتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں