وزیر اعظم آج 2 روزہ سرکاری دورے پر روس روانہ ہوں گے

اپ ڈیٹ 23 فروری 2022
وزیر اعظم عمران خان 24 فروری کو ولادیمیر پیوٹن سے ماسکو میں ملاقات کریں گے — فائل فوٹو: اے ایف پی
وزیر اعظم عمران خان 24 فروری کو ولادیمیر پیوٹن سے ماسکو میں ملاقات کریں گے — فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیر اعظم پاکستان عمران خان روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی دعوت پر آج دو روزہ سرکاری دورے پر روس روانہ ہوں گے، روسی حکام سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، قومی و بین الاقوامی مسائل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیے جانے کا امکان ہے۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان اپنے وفد اور کابینہ کے اراکین کے ہمراہ 23 اور 24 فروری کو روس کا سرکاری دورہ کریں گے۔

دہائیوں بعد کیے جانے والے اس دورے ملک اور خطے کی سالمیت سمیت دیگر مسائل زیر غور آنے کا بھی امکان ہے۔

روسی حکومت کے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان 24 فروری کو ماسکو میں ملاقات کریں گے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم رواں ماہ پیوٹن کی دعوت پر روس کا دورہ کریں گے، وزیرخارجہ

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں مشترکہ تعاون، خطے کی صورتحال سمیت جنوبی ایشیا کی ترقی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یاد رہے گزشتہ روز دفترخارجہ سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا تھا کہ ‘پاکستان اور روس کے دوستانہ تعلقات ہیں جو باہمی احترام، اعتماد، بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر خیالات کی ہم آہنگی سے عبارت ہیں’۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ‘سربراہی ملاقات کے دوران دونوں رہنما توانائی میں تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کا مکمل جائزہ لیں گے’۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ ‘دونوں رہنما اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے، جس میں اسلاموفوبیا اور افغانستان کی صورتحال بھی شامل ہوگی’۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کے دورہ روس سے قبل پاکستان کا یوکرین سے اظہار یکجہتی

بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘وزیراعظم کے دورے سے پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں بہتری آئے گی’۔

قبل ازیں رواں ماہ کے شروع میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان ماسکو کا دورہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ روس کے ساتھ ہمارے تعلقات میں بھی ایک خوشگوار تبدیلی آرہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کو ساؤتھ ویسٹ یونیورسٹی آف پولٹیکل سائنس اینڈ لا کے پروفیسر اور چارہر انسٹی ٹیوٹ کے سینئر فیلو چینگ شیزہونگ نے تاریخی اور انتہائی تزویراتی اہمیت کا حامل قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا دورہ روس انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، چینی دانشور

پروفیسر چینگ شیزہونگ کا کہنا تھا کہ ’یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ 23 سال کے بعد روس نے پاکستان کے سربراہ کو ماسکو کے دورے پر بلایا ہے، اس سے وزیراعظم عمران خان کی قدآور شخصیت اور قائدانہ صلاحیتوں کی عکاسی ہوتی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، عمران خان کا بہت احترام کرتے ہیں اور اب پاکستانی رہنما چاہے علاقائی مسائل پر بات کریں یا بین الاقوامی مسائل پر، ان کی آواز کو ہمیشہ عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے پاکستانی شہریوں اور قوم کے وقار میں اضافہ ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں