نیٹ فلیکس کی جانب سے پاکستانی ویب سیریز بنائے جانے کا امکان

اپ ڈیٹ 24 فروری 2022
خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد اس حوالے سے مزید وضاحت جاری کردی جائے گی—فائل فوٹو: ٹوئٹر
خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد اس حوالے سے مزید وضاحت جاری کردی جائے گی—فائل فوٹو: ٹوئٹر

دنیا کی سب سے بڑی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ نے پاکستان میں سروس کے آغاز کے 6 سال بعد پہلی اوریجنل ویب سیریز بنانے کا عندیہ دے دیا۔

’نیٹ فلیکس‘ نے 22 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک میں 2016 کے آخر میں سروس کا آغاز کیا تھا اور اب تک اس پر متعدد پاکستانی فلمیں اور ڈرامیں بھی ریلیز کی جا چکی ہیں۔

پاکستان میں اسٹریمنگ ویب سائٹس کی مقبولیت میں گزشتہ چند سال کے دوران اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اسی رجحان کو دیکھتے ہوئے اب ’نیٹ فلیکس‘ نے پہلی پاکستانی اوریجنل ویب سیریز بنانے کا عندیہ دے دیا۔

صحافی حسن کاظمی نے اپنی ٹوئٹ میں ذرائع سے انکشاف کیا کہ ’نیٹ فلیکس‘ نے پہلی پاکستانی ویب سیریز بنانے کی منظوری دے دی۔

صحافی نے ویب سیریز سے متعلق مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ ممکنہ طور پر ویب سیریز تین سیزنز پر مشتمل ہوگی اور ہر سیزن میں 13 قسطیں ہوں گی۔

ان کے مطابق پاکستان کی پہلی اوریجنل ویب سیریز کے لیے نیٹ فلیکس نے بہت بڑا بجٹ بھی منظور کیا ہے۔

ان کی ٹوئٹ پر متعدد افراد نے کمنٹس کرتے ہوئے خبر کو پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے بہترین قرار دیا۔

کئی لوگوں نے صحافی کی ٹوئٹ پر شک کا اظہار کرتے ہوئے ان سے سوال بھی پوچھے کہ خبر کے ذرائع کیا ہیں؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ جلد اس حوالے سے مکمل وضاحت دیں گے۔

کمنٹس کے دوران انہوں نے اس سوال پر بھی وضاحت کی کہ ویب سیریز کی کہانی عمیرہ احمد نہیں لکھیں گی اور نہ ہی وہ شاہد حامد کے ناول سے ماخوذ ہوگی۔

حسن کاظمی نے اس سوال کی وضاحت بھی کی کہ مذکورہ ویب سیریز ترکش سیریز کا پاکستانی ورژن بھی نہیں ہو گی۔

صحافی نے ویب سیریز سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں اس متعلق مزید وضاحت سامنے آئے گی۔

نیٹ فلیکس نے گزشتہ 6 سال کے دوران کسی بھی پاکستانی اوریجنل ویب سیریز، فلم یا شو کو پیش نہیں کیا جب کہ پڑوسی ملک بھارت میں ویب سائٹ نے متعدد ویب سیریز اور فلمیں بنائی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں