فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز کی شوٹنگ مکمل

شائع March 2, 2022
ویب سیریز کا ایک منظر — فوٹو بشکریہ صنم سعید انسٹاگرام پیج
ویب سیریز کا ایک منظر — فوٹو بشکریہ صنم سعید انسٹاگرام پیج

اداکار فواد خان اور صنم سعید 10 سال قبل 'زندگی گلزار ہے' کے لیے اکٹھے ہوئے تھے اور اس ڈرامے نے دونوں کو پاکستان بلکہ دنیا بھر میں سپر اسٹار بنا دیا تھا۔

اب وہ ایک بار پھر ایک ویب سیریز کے لیے اکٹھے ہورہے ہیں جو زی 5 پر ریلیز ہوگی۔

اس ویب سیریز کا نام ابھی تک سامنے نہیں آیا مگر اس کی عکسبندی مکمل ہوگئی ہے جبکہ اس کی ہدایات عاصم عباسی دے رہے ہیں جو ویب سیریز چریلز اور فلم کیک کے ڈائریکٹر بھی ہیں۔

ورائٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس ویب سیریز میں سپر نیچرل فنٹاسی اور جادوئی حقیقت کا امتزاج کیا جائے گا۔

فواد اس میں تنہا والد کے روپ میں نظر آئیں گے اور ان کا کردار کوشش کرے گا کہ وہ ایسے باپ بن سکیں جو ان کے والد نہیں بن سکے تھے۔

صنم سعید اس سیریز میں سب کردار کو اکٹھا کرنے والے کردار میں نظر آئیں گی۔

فواد خان نے اس ویب سیریز کی شوٹنگ کی تصویر کچھ عرصے پہلے شیئر کی تھی اور بتایا تھا کہ یہ خاندان کے ملنے بچھڑنے کی ایسی داستان ہے جو جادو اور افسانوی دنیا سے تعلق رکھتی ہے۔

صنم سعید نے بھی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ دور دراز کی ایسی افسانوی دنیا میں آپ اس جوڑی کو دیکھ کر پرجوش ہوجائیں گے، ہم بالکل مختلف انداز میں زبردست کاسٹ، کریو اور کہانی کے ساتھ واپس آرہے ہیں۔

ان تصاویر سے تصدیق ہوئی تھی اس ویب سیریز کی شوٹنگ گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں ہوئی تھی۔

ڈائریکٹر عاصم عباسی نے ورائٹی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ان کے لیے خاص پراجیکٹ تھا جس پر 5 ماہ تک کام جاری رہا ہے اور یہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا چیلنج بھی تھا۔

انہوں نے کہا کہ کاسٹ نے زبردست کام کیا اور کچھ نے تو اپنی زندگی سب سے بہترین اداکاری کی، ویسے تو سیریز کی شوٹنگ اچھی رہی مگر آخری دن بہت زیادہ ایکشن پیک تھا۔

انہوں نے مزید بتایا 'مجھے یاد ہے کہ شوت کے لیے جس گاڑی کی ضرورت تھی وہ کام نہیں کررہی تھی تو ہم نے میری ذاتی گاڑی کو استعمال کیا۔ اس سین کے لیے فواد کو سنگل لین روڈ پر تیزی سے یوٹرن لینا تھا اور یہ پرفیکٹ شوٹ ہوا مگر اب مجھے نئے ٹائروں کی ضرورت ہے'۔

خیال رہے کہ زی 5 کا آغاز 2020 میں چڑیلز سے ہوا تھا اور اب تک 50 شوز ریلیز کیے جاچکے ہیں۔

اس میں کئی پاکستانی ویب شوز جیسے دھوپ کی دیوار اور قاتل حسیناؤں کے نام نشر کیے گئے جبکہ جلد ہی نعمان اعجاز اور صبا قمر کی ویب سیریز مسٹر اور مسز شمیم کو بھی ریلیز کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024