عوام اٹھیں اور ’مہنگائی مکاؤ مارچ‘ میں جوق در جوق شامل ہوں، شہباز شریف

اپ ڈیٹ 27 مارچ 2022
شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی اور آئینی طریقے سے اس حکومت کا خاتمہ کرکے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کا مستقبل بچا لیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی اور آئینی طریقے سے اس حکومت کا خاتمہ کرکے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کا مستقبل بچا لیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام اٹھیں اور ’مہنگائی مکاؤ مارچ‘ میں جوق در جوق شامل ہوں تاکہ حکومت کا آئینی طریقے سے خاتمہ ہو سکے۔

شہباز شریف نے اپنے ویڈیو پیغام کہا کہ میں اپنے اور آپ کے قائد میاں محمد نواز شریف کا ایک اہم پیغام آپ کو دینا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے اس ساڑھے 3 سالہ دور میں پاکستان میں سب سے اونچی سطح پر مہنگائی، بدترین غربت، بدترین کرپشن اور عام اور غریب آدمی کے ساتھ ظالمانہ رویہ ایک سچ ہے۔

انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اٹھو اور اس مہنگائی مکاﺅ مارچ میں جوق در جوق شامل ہوں تاکہ کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث اس حکومت کا سیاسی اور آئینی طریقے سے خاتمہ کرکے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کا مستقبل بچالیں۔

ویڈیو کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی آپ کی اس ہمت اور ان کاوشوں کو کامیاب کرے گا انشااللہ۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کا مہنگائی کے خلاف اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن لانگ مارچ کا اعلان

دریں اثنا مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے مہنگائی مکاﺅ مارچ سے متعلق عوام کے نام پیغام میں کہا کہ عمران نیازی! عوام آج ایک جھوٹے، منافق، نالائق، نااہل چور کا استعفیٰ لینے آ رہے ہیں، آج عوام اپنے حق اور روزگار، اپنی روٹی اور دوائی کے لیے نکلے، مہنگائی، بے روزگاری، نفرت، جھوٹ مکاؤ کا دن آگیا ہے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی، روزگار چوروں اور کشمیر فروشوں سے نجات کا دن آگیا ہے، عوام کے حق کے ساتھ کھڑے ہونے کا دن آگیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم کا آئندہ سال 23مارچ کو مہنگائی مارچ کا اعلان

انہوں نے کہا کہ عوام ظالم، کرپٹ اور نالائق ٹولے کی گرتی دیوار کو آخری دھکا دینے کا ثواب کمائیں، کھربوں روپے کی غیر قانونی فنڈنگ کھانے والے کا یوم حساب آگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس نے غریبوں کی روٹی، روزگار، کاروبار، سکون چھین لیا اس سے اقتدار چھین لیں، یہ ظالم کرپٹ مافیا اقتدار سے چمٹا رہا تو آپ کی آنے والی نسلیں مہنگائی، قرض کی چکی پیستی رہیں گی۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھروں کا دھوکا دینے والوں کے خلاف اعلان بغاوت کریں، اسلامی جمہوریہ پاکستان کا حکمران کوئی جھوٹا اور منافق نہیں ہوسکتا، عمران نیازی جھوٹا اور بے ایمان ثابت ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کا 26 مارچ کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان

خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کے بعد سے ملک میں سیاسی درجہ حرارت میں کافی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، حکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے تند و تیز سیاسی بیانات دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور ہر ایک فریق تحریک عدم اعتماد کی کارروائی میں کامیابی کے دعوے کرتا نظر آرہا ہے۔

ادھر لاہور سے مریم نواز اور حمزہ شہبازکی قیادت میں روانہ ہونے والا مسلم لیگ (ن) کا مہنگائی مکاؤ مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے۔

دوسری جانب حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کر رہی ہے جس سے وزیر اعظم عمران خان خطاب کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں