وزیراعظم کی عوام سے جلد از جلد اسلام آباد پہنچنے کی اپیل

اپ ڈیٹ 27 مارچ 2022
وزیراعظم نے کہا کہ یہ تحریک انصاف کی نہیں پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے— فوٹو: عمران خان/فیس بک
وزیراعظم نے کہا کہ یہ تحریک انصاف کی نہیں پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے— فوٹو: عمران خان/فیس بک

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج کا جلسہ پاکستان کی جنگ ہے، وقت پر جلسہ گاہ پہنچنے کے لیے جلد از جلد نکلیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ‘امر بالمعروف’ کے عنوان کے تحت ہونے والے جلسے سے متعلق اپنا خصوصی آڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

رات گئے ٹوئٹر پر جاری اپنے آڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ تحریک انصاف کی نہیں پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ، پی ڈی ایم کو پشاور موڑ پر جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی

انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ بھی جلسے کے لیے نکل رہے ہیں ان سب کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جلدی نکلیں کیونکہ رش ہوگا، سڑکوں پر رکاوٹوں کے باعث مجھے خوف ہے کہ آپ جلسے پر ٹائم پر نہیں پہنچ پائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس لیے جہاں جہاں لوگوں نے جلسے کے لیے جس ٹائم پر نکلنے کا ارادہ کیا ہے وہ اس ٹائم سے پہلے نکل جائیں کیونکہ انشااللہ آج ہم پاکستان کی تاریخ بنانے نکلے ہیں۔

مزید پڑھیں: چوہدری شجاعت کا حکومت، اپوزیشن سے ڈی چوک میں جلسہ منسوخ کرنے کا مطالبہ

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بھی جلسے سے متعلق اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا جلسہ عوام کا جلسہ ہے، عمران خان پاکستان کے محسن ہیں جنہوں نے ملک کی آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی، پاکستان کے عوام عمران خان کے جلسے کے لیے گھروں سے باہر نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ یہاں پیسے سے ہر ایک کو خریدا جاسکتا ہے، آج وہ پاکستان عمران خان کی وجہ سے سر اٹھا کر کھڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہادر قوم کو بہادر لیڈر کی ضرورت ہوتی ہے، عمران خان وہ لیڈر ہے جو کبھی عوام کا سر جھکنے نہیں دے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی معیشت اور صنعت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور نوجوانوں سمیت ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے پاکستان بھر کے عوام آج پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد پہنچیں اور وزیر اعظم عمران خان کا امر بالمعروف جلسے سے تاریخی خطاب سنیں۔

یہ بھی پڑھیں: 27 مارچ کے جلسے میں عوام کی ریکارڈ توڑ شرکت چاہتا ہوں، وزیراعظم

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے بھی ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ایک جلسہ نہیں انشااللہ ایک تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آج فیصلہ کر رہا ہے کہ سیاست کو حرام کے پیسے سے نجات دلانی ہے، ایک خوددار خودمختار قوم بن کر زندگی گزارنی ہے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ کہا کہ ‏تمام تنظیمی عہدیدار اور منتخب نمائندے جو اپنے علاقوں سے جلوسوں کی قیادت کر رہے ہیں، اُن کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے احکامات ہیں کہ جلد از جلد اسلام آباد کے لیے نکلیں۔

اسد عمر نے کہا کہ سب کی سوچ سے زیادہ لوگ جلسے میں شرکت کے لیے آ رہے ہیں، اس لیے اندازے سے زیادہ وقت لگے گا۔

مزید پڑھیں: سیاسی جماعتوں میں تصادم کا خطرہ، سپریم کورٹ بار کا عدالت سے رجوع

وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے بھی اس حوالے سے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اسلام آباد موٹروے پر اس وقت پاکستان تحریک انصاف کے جھنڈوں یا فلیکس کے بغیر کوئی گاڑی نظر نہیں آرہی۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ملک میں ضمیر فروشی اور کرپشن کے خلاف لوگ اپنی مدد آپ نکل آئے ہیں۔

واضح رہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کر رہی ہے جس سے وزیر اعظم عمران خان خطاب کریں گے اور انہوں نے جلسے میں سرپرائز دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں