علیم خان گروپ کا پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ووٹ دینے سے انکار

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2022
میاں خالد محمود نے کہاکہ پہلے ایک بے ایمان اور نکمے عثمان بزدار کو مسلط رکھا اب پرویز الہی کو نامزد کر دیا—فائل فوٹو:ڈان نیوز
میاں خالد محمود نے کہاکہ پہلے ایک بے ایمان اور نکمے عثمان بزدار کو مسلط رکھا اب پرویز الہی کو نامزد کر دیا—فائل فوٹو:ڈان نیوز

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما عبدالعلیم خان کے پنجاب اسمبلی میں گروپ کے ترجمان میاں خالد محمود نے کہا ہے کہ ان کے گروپ نے مسلم لیگ (ق) کے چوہدری پرویز الہٰی کو وزیر اعلیٰ کا ووٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔

علیم خان گروپ کے ترجمان میاں خالد محمود کا کہنا تھا کہ عمران خان جن القابات سے پرویز الہٰی کو بلاتے تھے ہم تو انہیں دہرانے کی جسارت بھی نہیں کر سکتے۔

میاں خالد محمود کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4سال کے دوران ایک بے ایمان اور نکمے عثمان بزدار کو ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب پر مسلط رکھا گیا اور اب پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:علیم خان ترین گروپ میں شامل، 'تحریک عدم اعتماد آئی تو مل کر فیصلہ کریں گے'

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وہ جانثار جنہوں نے نئے پاکستان میں عمران خان کا ساتھ دیا، کیا ان کے 184ارکان میں سے ایک بھی وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کا اہل نہیں تھا؟

میاں خالد محمود کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ہر مخلص کارکن کوپرویز الہٰی کی نامزدگی پر اعتراض ہے، اگر نیا پاکستان پرویز الہٰی بنائیں گے تو تحریک انصاف بنانے کی کیا ضرورت تھی، وہ یہ کام گزشتہ 42 سال سے کر رہے ہیں۔

ترجمان علیم خان گروپ کا کہنا تھا کہ کوئی سودے بازی نہیں کریں گے، اپوزیشن کا غیرمشروط ساتھ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:(ق) لیگ نے دیر کردی، اپوزیشن کا نامزد امیدوار ہی وزیر اعلیٰ پنجاب بنے گا، آصف زرداری

ترجمان علیم خان گروپ کا وزیراعظم عمران خان کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کمال ہے کہ اب نیا پاکستان پرویز الہٰی بنائیں گے، خان صاحب کیا یہ وہ نظریہ تھا جس کے لیے آپ نے 25سال جدوجہد کی اور قوم نے آپ پر اعتماد کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج حکومت بچانے کی باری آئی تو پنجاب کا وزیر اعلیٰ انہیں نامزد کر دیاجنہیں آپ چور اور ڈاکو کہتے تھے۔

میاں خالد محمود کا کہنا تھا کہ جہانگیر خان ترین گروپ کے ساتھی محب وطن اور قوم کا درد رکھنے والے ہیں، امید ہے وہ بھی ہمارا ساتھ دیں گےْ

ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر خان ترین کی پی ٹی آئی کے لیے بہت قربانیاں ہیں، ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں جبکہ علیم خان گروپ کے ترجمان میاں خالد محمود نے چوہدری پرویزالہی کو اپنا جواب بھجوا دیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عبدالعلیم خان کو پنجاب اسمبلی کے متعدد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں