خاتون اول اور فرح خان کے بارے میں الزامات من گھڑت، بے بنیاد ہیں، عثمان بزدار

اپ ڈیٹ 06 اپريل 2022
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خاتون اول اور فرح خان کے حوالے سے الزامات کو من گھڑت قرار دیا— فائل فوٹو: اے پی پی
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خاتون اول اور فرح خان کے حوالے سے الزامات کو من گھڑت قرار دیا— فائل فوٹو: اے پی پی

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خاتون اول بشریٰ عمران اور فرح خان کے بارے میں الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ من گھڑت اور بلا ثبوت الزامات کی سختی سے تردید اور مذمت کرتا ہوں۔

عثمان بزدار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں خاتون اول بشریٰ عمران اور فرح خان کے بارے میں بے بنیاد الزامات کو قطعی طور پر مسترد کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں: ٹوئٹر پر فرح خان کا نام کیوں ٹرینڈ کر رہا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ علیم خان، چوہدری سرور اور دیگر اپوزیشن اراکین کے من گھڑت اور بلا ثبوت الزامات کی سختی سے تردید اور مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں بے قاعدگیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب میں تقرر و تبادلے میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے بے تاج بادشاہوں کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے کہ جب سیاسی میدان میں مات کھائیں تو بلیک میلنگ کے لیے اپنے حریفوں اور اداروں پر بے سروپا الزامات لگانے لگ جاتے ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاسی میدان میں شکست خوردہ عناصر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا کر اپنی خفت نہیں چھپا سکتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) اور اس کے حواری ساڑھے تین سال میں مجھ پر یا میری کابینہ کے خلاف کرپشن کا ایک بھی اسکینڈل سامنے نہیں لا سکے، نہ کوئی ٹھیکہ، نہ کوئی کیلبری خط، نہ کوئی جعلی ٹرسٹ ڈیڈ، نہ کوئی مقصود چپڑاسی، نہ میرے کوئی مے فئیر کے فلیٹ سامنے آئے، اگر آپ کے پاس کوئی ثبوت ہے تو ضرور سامنے لائیں

یہ بھی پڑھیں: کرپشن کے الزامات کے بعد خاتونِ اوّل کی دوست ’ملک سے فرار‘

عثمان بزدار نے کہا کہ اللہ کے فضل سے اپنےساڑھے تین سال میں پنجاب میں ایمانداری سےڈیلیور کیا، بغیر کسی ثبوت آپ گھریلو خواتین خاتون اول یا فرح خان پر الزامات لگاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کا مقصد صرف ایک ہے کہ کسی طرح سےعمران خان پر تنقید کر سکیں، آپ ناکام ہوں گے کیونکہ عمران خان کی ایمانداری پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنی گالا کی فرنٹ پرسن فرح تھیں، بزدار پنجاب کے وزیراعلیٰ نہیں تھے، فرح وزیراعلیٰ تھی اور اس کے تمام کنکشنز بنی گالا سے ملتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ راتوں رات برقعہ پہن کر فرح کو پولیس کے حصار میں فرار کروایا، وہ تصاویر تو سب نے دیکھ لی ہوں گی جو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فرح کو رشوت دیے بغیر پنجاب میں کوئی ایس ایچ او تعینات نہیں ہوتا تھا، اگر ان باتوں میں سچائی نہیں ہے تو وہ راتوں رات کیوں فرار ہوگئی۔

سب کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ فرح سے کہنا چاہتی ہوں کہ آپ جیسے لوگوں کے ثبوتوں کے انبار ہیں اور انٹرپول کی سہولت موجود ہے۔

مزید پڑھیں: بزدار پنجاب کے وزیراعلیٰ نہیں تھے، فرح وزیراعلیٰ تھی، مریم نواز

انہوں نے کہا تھا کہ اب آپ بھاگ نہیں سکتے، آپ کے پیچھے کون تھا اور کس کی فرنٹ پرسن تھی اب سب آئے گا، پورے پنجاب میں نام کی کوئی سڑک نہیں بنی لیکن فرح کا گاؤں دیکھیں وہاں سڑکیں بھی بنی ہیں اور ہر چیز ہوئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ فرح خان اتوار کو وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد ملک چھوڑ کر دبئی چلی گئی ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے شوہر اس سے قبل ہی ملک چھوڑ چکے تھے۔

اس کے علاوہ مریم نواز نے مزید الزام عائد کیا تھا کہ وزیر اعظم کی اہلیہ کی دوست نے افسران کی مرضی کے مطابق تعیناتیوں میں بڑے پیمانے پر رقم بٹوری ہے۔

مریم نواز نے اسے ’سب سے بڑا اسکینڈل‘ قرار دیا تھا جس میں 6 ارب روپے کی بدعنوانی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فرح نے رشوت لی، ٹھیکے، ٹرانسفر، پوسٹنگ میں موجود ہوتی تھیں، علیم خان

مریم نواز نے کہا تھا کہ ’میں بشریٰ بی بی کی دوست فرح کا نام لینے کی ہمت رکھتی ہوں، جنہوں نے تقرر اور تبادلوں کی مد میں کروڑوں روپے حاصل کیے اور یہ براہِ راست بنی گالہ (عمران خان کی رہائش گاہ) سے منسلک ہے‘۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک بار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت واپس گھر چلی جائے تو عمران خان اینڈ کمپنی کی دماغ چکرا دینے والی کرپشن کی داستانیں منظر عام پر آئیں گی۔

برطرف گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیر اعظم کے پرانے دوست علیم خان نے بھی الزام لگایا تھا کہ فرح خان نے سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی مدد سے پنجاب میں کروڑوں روپے لے کر تقرر و تبادلے کروائے۔

تبصرے (0) بند ہیں