اداکارہ زہرہ عامر کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش

اپ ڈیٹ 28 اپريل 2022
اداکارہ کے ہاں 24 اپریل کو بچوں کی پیدائش  ہوئی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے ہاں 24 اپریل کو بچوں کی پیدائش ہوئی—فوٹو: انسٹاگرام

’بد ذات، فتور، یار نہ بچھڑے اور ایک اور منافق‘ سمیت دیگر ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ زہرہ عامر کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوگئی اور انہوں نے نوزائیدہ بچوں کی تصاویر بھی شیئر کردیں۔

زہرہ عامر نے گزشتہ ماہ مارچ کے اختتام پر تصدیق کی تھی کہ ان کے ہاں جلد جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے اور اب انہوں نے بچوں کے دنیا میں آنے کی تصدیق کردی۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر نوزائیدہ بچوں کے ہمراہ اپنی ہسپتال کے کمرے سے تصویر شیئر کی اور مداحوں کو بتایا کہ ان کے ہاں جڑواں بیٹوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

تصویر میں انہیں جڑواں بچوں سے الگ دوسرے بسترے پر سوتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

زہرہ عامر نے بچوں کے نام اور ان کا مطلب بھی بتایا، اداکارہ کے مطابق انہوں نے بچوں پر فارسی زبان کے نام رکھے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک بیٹے کا نام آرسین (Arsyn) جب کہ دوسرے کا نام سیائے (Cye) رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ زہرہ عامر کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع

زہرہ عامر کے مطابق ان کے بیٹے آرسین کے نام کا مطلب جنگجو اور بہادر ہے جب کہ سیائے کا مطلب روشنی ہے۔

انہوں نے نیک خواہشات کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی لوگوں کو بچوں اور اپنی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔

بچوں کی پیدائش کا اعلان کرنے کے بعد زہرہ عامر نے 27 اپریل کو جڑواں بچوں کی پہلی تصویر بھی شیئر کی، جس میں ان کے بچوں کو بسترے پر سوتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

زہرہ عامر نے امریکا کی جان ہاپکنز ہسپتال میں بچوں کو جنم دیا اور اب ان کی طبیعت مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے۔

زہرہ عامر نے جنوری 2021 میں شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے اگست 2020 میں شادی کی تھی۔

اداکارہ نے بتایا تھا کہ کورونا کی وبا کے باعث ان کی شادی کی تقریبات انتہائی سادگی سے منعقد کی گئی تھیں، جس میں ان کے اہل خانہ نے ہی شرکت کی تھی۔

زہرہ عامر نے متعدد ڈراموں میں معاون اور بعض میں مرکزی کردار بھی ادا کیے ہیں اور ان کا شمار ابھرتی ہوئی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔

اداکارہ گزشتہ کچھ ماہ سے حمل کے باعث ٹی وی پردے سے دور ہیں، تاہم وہ بے بی بمپ کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں