نیٹ فلیکس کی ’اسکوئیڈ گیم‘ کا سیکوئل بنانے کی تصدیق

اسکوئڈ گیم کو ستمبر 2021 میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
اسکوئڈ گیم کو ستمبر 2021 میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس نے گزشتہ برس کی اپنی سب سے مقبول ترین ویب سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ کا سیکوئل بنانے کی تصدیق کردی۔

نیٹ فلیکس سے قبل گزشتہ برس دسمبر میں ’اسکوئڈ گیم‘ کے تخلیق کار ہوانگ ڈونگ ہیوک نے بتایا تھا کہ وہ اپنی ویب سیریز کے مزید دو سیزن بنائیں گے۔

ہدایت کار اور پروڈیوسر کے بعد اب نیٹ فلیکس انتظامیہ نے تصدیق کردی کہ ’اسکوئڈ گیم‘ کا سیکوئل بنایا جائے گا۔

نیٹ فلیکس کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں ویب سیریز کا سیکوئل بنائے جانے کی تصدیق کی گئی اور ساتھ ہی دوسری ٹوئٹ میں ہوانگ ڈونگ ہیوک کا بیان بھی شامل کرتے ہوئے سیکوئل سیریز کے حوالے سے تفصیلات بتائیں گئیں۔

دوسری ٹوئٹ میں تصدیق کی گئی کہ سیکوئل میں نئے کردار بھی متعارف کرائے جائیں گے جب کہ پرانی سیریز کے تمام کردار بھی واپس آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسکوئڈ گیم کے مزید 2 سیزن کی تیاری کی تصدیق

ہوانگ ڈونگ ہیوک نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں ’اسکوئڈ گیم‘ کا پہلا سیزن بنانے میں 12 سال لگے تھے مگر مذکورہ سیریز محض 12 دن میں دنیا کی مقبول ترین سیریز بنی تھی۔

انہوں نے اس بات کا اشارہ بھی دیا کہ ممکنہ طور پر پہلی سیریز میں مر جانے والے کرداروں کو بھی واپس دکھایا جائے گا۔

اگرچہ انہوں نے اور نیٹ فلیکس نے سیکوئل کی تصدیق کردی، تاہم دوسرے سیزن کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیاْ۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ’اسکوئیڈ گیم 2‘ کو آئندہ سال کے اختتام یا پھر 2024 کے آغاز تک ریلیز کردیا جائے گا۔

’اسکوئیڈ گیم‘ کو نیٹ فلیکس پر ستمبر 2021 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کی کہانی 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے قرض میں ڈوبے لوگوں کو جیتنے کا لالچ دے کر بچوں کے کھیل کھلائے جانے کے گرد گھومتی ہے۔

سیریز میں بچوں کے کھیل کھیلنے اور قرض اتارنے کے خواہش مند افراد کو گیم میں شکست پر سب کے سامنے گولی مار کر ہلاک کردیا جاتا ہے اور وہ اسی سنسنی کی وجہ سے ہی دنیا بھر میں مقبول ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں