پاک فوج کی امدادی ٹیمیں وہاب بگٹی تک پہنچ گئیں

سیلاب میں وہاب بگٹی کا گھر منہدم ہوگیا تھا—فوٹو: ٹوئٹر
سیلاب میں وہاب بگٹی کا گھر منہدم ہوگیا تھا—فوٹو: ٹوئٹر

پاک فوج کی امدادی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ ’کنا یاری‘ گلوکار عبدالوہاب بگٹی کے ہاں امدادی سامان لے کر پہنچ گئیں، دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی گلوکار کو خصوصی معاونت فراہم کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

وہاب بگٹی بلوچستان میں ہونے والی حالیہ تیز بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے متاثر ہوئے تھے اور ان کا گھر بھی منہدم ہوگیا تھا۔

وہاب بگٹی کی سیلابی پانی میں بچوں کے ہمراہ پھنس جانے کی تصاویر چند دن قبل سب سے پہلے ان کے ساتھ معروف گانے ’کنا یاری‘ میں گلوکاری کرنے والے کیفی خلیل نے شیئر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ‘کنا یاری’ گلوکار وہاب بگٹی کا گھر بھی سیلاب میں ڈوب گیا

کیفی خلیل کے بعد دیگر شوبز شخصیات اور عام افراد نے بھی وہاب بگٹی کی مدد کرنے کی تصاویر شیئر کی تھیں، جس کے بعد ایک روز قبل گلوکار نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا تھا، جنہوں نے انہیں مدد کی پیش کش کی تھی۔

وہاب بگٹی نے 23 اگست کو ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں پورے پاکستان سے لوگوں نے فون کرکے مدد کی پیش کش کی، جس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی تھی کہ وہ گاؤں سے محفوظ مقام پر اپنے دوست کے ہاں منتقل ہو چکے ہیں۔

تاہم اب ان تک پاک فوج کی امدادی ٹیمیں بھی پہنچ چکی ہیں۔ جنہوں نے انہیں امدادی سامان فراہم کیا۔

مزید پڑھیں: ’کنا یاری‘ گلوکار وہاب بگٹی مدد کیلئے رابطہ کرنے والے افراد کے مشکور

ٹوئٹر پر حسن معین نے پاک فوج کی امدادی ٹیموں کی وہاب بگٹی کے گاؤں پہنچنے اور ان سے ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ امدادی ٹیمیں کور کمانڈر بلوچستان کی ہدایات پر وہاں پہنچیں۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ پاک فوج کی ٹیم نے وہاب بگٹی کو نقد رقم دینے سمیت انہیں گاؤں کے دیگر افراد کے لیے سامان بھی فراہم کیا جب کہ گلوکار کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

پاک فوج کی ٹیموں کی جانب سے وہاب بگٹی تک پہنچنے کی تصاویر کو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا اور لوگوں نے پاک فوج کی ٹیموں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں