تائیوان میں 6.8 شدت کا زلزلہ، راستے بند ہونے سے سیکڑوں افراد پھنس گئے

اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2022
امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ 7.2 شدت کا زلزلہ 10 کلومیٹر  گہرائی میں آیا — فوٹو: رائٹرز
امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ 7.2 شدت کا زلزلہ 10 کلومیٹر گہرائی میں آیا — فوٹو: رائٹرز

تائیوان کا کم آبادی والا جنوب مشرقی حصہ اتوار کو 6.8 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا جس کے سبب ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور ایک اسٹور تباہ جبکہ پہاڑی علاقوں میں راستے بند ہونے سے سیکڑوں افراد پھنس گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز ٹائیٹنگ کاؤنٹی تھا، اسی علاقے میں ہفتے کی شام 6.4 شدت کا زلزلہ آیا تھا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ 7.2 شدت کا زلزلہ 10 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔

تائیوان کے فائر ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ یِلی میں منہدم ہونے والی عمارت سے تمام 4 افراد کو بچا لیا گیا جبکہ 3 افراد جن کی گاڑی تباہ شدہ پُل سے گر گئی تھی، ان کو بھی بچا کر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

تائیوان کی ریلوے انتظامیہ نے بتایا کہ مشرقی تائیوان کے ڈونگلی اسٹیشن پر پلیٹ فارم کی چھت کا کچھ حصہ گرنے کے بعد 6 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، تاہم کوئی زخمی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: چین: صوبے سیچوان میں 6.8 شدت کا زلزلہ، 30 سے زائد افراد ہلاک

محکمے نے کہا کہ چک اور لیوشیشی کے پہاڑی علاقوں میں راستے بند ہونے کی وجہ سے 600 سے زائد افراد پھنسے ہوئے ہیں، تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا جبکہ ریسکیور اہلکار سڑکوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

امریکی پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے ہفتے کو آنے والے زلزلے کے بعد تائیوان کے لیے وارننگ جاری کی تھی، لیکن بعد میں الرٹ ختم کردیا تھا۔

موسمیاتی بیورو نے کہا کہ زلزلے کے جھٹکے پورے تائیوان میں محسوس کیے گئے، دارالحکومت تائپے میں عمارتیں تھوڑی دیر کے لیے لرزتی رہیں، جزیرے میں متعدد آفٹر شاکس جاری رہے۔

تائیون کے جنوبی شہروں تائینن اور کاؤسنگ کے سائنس پارکس میں بڑی سیمی کنڈکٹر بنانے والی کمپنیاں ہیں، بتایا گیا کہ وہاں پر کمپنیوں کے آپریشنز میں کوئی اثر نہیں پڑا۔

دنیا کی سب سے بڑی کنٹریکٹ چپ بنانے والی تائیوان سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کمپنی (ٹی ایس ایم سی) نے کہا کہ ابھی تک کسی نمایاں اثر کا پتا نہیں چلا۔

مزید پڑھیں: 6.1 شدت کے زلزلے نے پاکستان، افغانستان کو لرزا کر رکھ دیا

تائیوان 2 ٹیکٹونک پلیٹوں کے سنگم کے قریب واقع ہے، جہاں زیادہ تعداد میں زلزلے آ سکتے ہیں۔

جنوبی تائیوان میں 2016 میں زلزلہ آیا تھا، جس سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ 1999 میں 7.3 شدت کے زلزلے سے 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں