وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے لندن سے نیویارک روانہ

19 ستمبر 2022
وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کریں گے —فوٹو: ریڈیو پاکستان
وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کریں گے —فوٹو: ریڈیو پاکستان

وزیر اعظم شہباز شریف 20 ستمبر سے 29 ستمبر تک جاری رہنے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے لندن سے امریکا روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم لندن میں ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد نیویارک کے لیے روانہ ہوگئے ہیں اور آج پہنچ جائیں گے۔

مزید پڑھیں: دنیا ایک اور سرد جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی، وزیر اعظم شہباز شریف

نیویارک میں موجودگی کے دوران وزیر اعظم کی دیگر ممالک کے رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں ہوں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ 20 ستمبر کو وزیر اعظم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے اور اسی دن وزیر اعظم شہباز شریف فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون، آسٹریا کے چانسلر اور اسپین کے صدر سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے بھی ملاقات ہو گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف ‘گلوبل فوڈ سیکیورٹی کانفرنس’ میں بھی شرکت کریں گے جس کا اہتمام سینیگال اور افریقی یونین کے صدر نے کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم تین روزہ پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

وزیراعظم آفس کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ 21 ستمبر کو وزیر اعظم شہباز شریف کی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا، ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپس سے بھی ملاقات ہوگی۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے علاوہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے بھی وزیر اعظم شہباز شریف کی دوطرفہ ملاقات ہوگی۔

وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے اس کے علاوہ امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے شیڈول عشائیے میں شرکت کریں گے جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف 21 ستمبر کو ترکیہ کے صدر اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی فن لینڈ کے صدر سعالی نوسیتو، مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ان کے دفتر میں ملاقات ہوگی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف رواں ہفتے پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب جائیں گے

وزیر اعظم کی چین کے وزیر اعظم لی کی کیانگ، جاپان کے وزیر اعظم فیومیو کاشیڈا، لیگزمبرگ کے وزیر اعظم زیوئیر بیٹل سے ملاقاتیں ہوں گی اس کے ساتھ ساتھ ملائیشیا کے وزیر اعظم اسمٰعیل صابری یعقوب سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

وزیر اعظم کی نوبل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی سے بھی ملاقات ہو گی اور دورے کے موقع پر وزیراعظم ممتاز امریکی اخبار اور ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز بھی دیں گے۔

'وزیر خارجہ نیویارک پہنچ گئے'

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کے لیے اتوار کو نیویارک پہنچ گئے تھے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم، امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان، نیویارک میں قونصل جنرل عائشہ علی اور اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن اور قونصلیٹ جنرل کے حکام نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

مزید پڑھیں: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی امریکی ہم منصب سے رواں ہفتے ملاقات متوقع

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں دنیا بھر سے تقریباً 140 رہنما شریک ہوں گے، واضح رہے کہ وزیر خارجہ سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد اتوار کی صبح واشنگٹن پہنچے تھے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جی-77 اور چین کے زیر صدارت وزرا خارجہ کےسالانہ اجلاس اور او آئی سی وزرائے خارجہ کے سالانہ رابطہ اجلاس کی صدارت کے ساتھ ساتھ کئی اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت، متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں، تھنک ٹینک سے خطاب اور او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں اور کشمیر کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں