شمالی وزیرستان: سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2022
افغانستان سے اس سے قبل بھی فائرنگ سے 3 جوان شہید ہوئے تھے — فائل/ فوٹو: اے پی پی
افغانستان سے اس سے قبل بھی فائرنگ سے 3 جوان شہید ہوئے تھے — فائل/ فوٹو: اے پی پی

خیبر پختونخوا (کے پی) کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 19 ستمبر کو بین الاقوامی سرحد پار افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے شہری علاقے دواتوئی میں پاکستانی فوجیوں پر فائر کھول دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور جواب دیا اور باوثوق انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق جوابی فائرنگ سے دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ، پاک فوج کے تین جوان شہید

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران جعفر آباد سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ سپاہی نذر محمد شہید ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں کے افغانستان کی سرزمین استعمال کرنے کی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان توقع کرتا ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت مستقبل میں اس طرح کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ پاک فوج دہشت گردی کے ناسور کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے مقصد کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ 14 ستمبر کو بھی کرم کے علاقے میں افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان سے دہشت گردوں کی ضلع کرم میں فائرنگ، پاک فوج کے پانچ جوان شہید

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے پاکستانی فوج پر خرلاچی کے علاقے میں فائرنگ کی، جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کڑک علاقے کے رہائشی 32 سالہ نائیک محمد رحمٰن، خیبرپختونخوا کے شہر جمرود سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ نائیک مویض خان اور مالاکنڈ کے 27 سالہ سپاہی عرفان اللہ نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں