ٹوئٹر پر ٹک ٹاک کی طرح ویڈیو چلانے کے فیچر کی آزمائش

01 اکتوبر 2022
ویڈیوز فار یو میں مقبول ویڈیوز کو دیکھا جا سکے گا—فوٹو: ٹوئٹر
ویڈیوز فار یو میں مقبول ویڈیوز کو دیکھا جا سکے گا—فوٹو: ٹوئٹر

مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے زیادہ سے زیادہ صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک جیسے فیچر کو متعارف کرانے کی آزمائش شروع کردی۔

ٹوئٹر نے بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ صارفین اب ویڈیوز کو ٹک ٹاک کی طرح اسکرول کر کے دیکھنے کے اہل ہوجائیں گے اور ایسے فیچر کی آزمائش ابتدائی طور پر آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم رکھنے والے موبائل صارفین کے ذریعے شروع کردی گئی۔

ابتدائی طور پر محدود صارفین کو آزمائشی فیچر تک رسائی دی گئی ہے، جس کے تحت صارفین کسی بھی ویڈیو کو کلک کرکے اسے بڑی اور اسکرولنگ اسکرین میں دیکھ سکیں گے اور مذکورہ ویڈیو ختم ہونے پر صارف صرف ویڈیو کو اسکرول کریں گے تو نئی ویڈیو نظر آنے لگے گی۔

مذکورہ فیچر کے تحت اگر کوئی صارف ویڈیوز کو دیکھنا پسند نہیں کرے گا تو وہ ویڈیو کے اوپر بنے تیر کے نشان کے ذریعے واپس اپنی نیوز فیڈ یا اسی ٹوئٹ پر چلا جائے گا، جہاں سے وہ ویڈیو اسکرولنگ پر آیا تھا۔

علاوہ ازیں بلاگ میں بتایا گیا کہ ایکسپلورر میں ایک نئی ٹیب کا اضافہ کیا جا رہا ہے، جہاں صارفین ٹوئٹر پر مقبول ویڈیوز کو دیکھ سکیں گے۔

مذکورہ فیچر کے تحت صارفین ایکسپلورر پر جاکر ’ویڈیوز فار یو‘ میں جاکر وہ ویڈیوز دیکھ سکیں گے جو ٹوئتر پر سب سے زیادہ مقبول ہوں گی۔

اس فیچر کے تحت صارفین کو وہ ویڈیو دکھائی دیں گی جو ان کے علاقے یا ملک میں سب سے زیادہ مقبول ہوں گی۔

اگرچہ بلاگ میں تصدیق کی گئی کہ ٹوئٹر پر صارفین اب ویڈیوز کو اسکرولنگ کے فیچر کی طرح دیکھ سکیں گے، تاہم اس بات کا کوئی عندیہ نہیں دیا گیا کہ صارفین ٹوئٹر پر ٹک ٹاک کی طرح ویڈیوز بنا بھی سکیں گے۔

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ٹوئٹر پر کچھ وقت کے بعد ٹک ٹاک کی طرح ویڈیوز بنانے کا فیچر بھی متعارف کرائے گا لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں