پنجاب کابینہ میں شامل وزیرِ آب پاشی ہاشم ڈوگر نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی جانب سے اسمبلی تحلیل کرنے کی ہدایت پر عمل نہ کیا تو پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی اجتماعی طور پر استعفیٰ دے دیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر آبپاشی ہاشم ڈوگر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ عمران خان کی جانب سے ہدایت ملتے ہی وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اسمبلی تحلیل کر دیں گے اور اگر وہ عمران خان کی ہدایت پر عمل نہیں کرتے تو پی ٹی آئی کے تمام 178 ارکان صوبائی اسمبلی استعفیٰ دے دیں گے جو پرویز الٰہی کی حکومت کے خاتمے کا باعث بنے گا‘۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) کے اتحاد میں دراڑیں ڈالنے کی کوششوں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ تمام بھیڑ بکریاں پہلے ہی پی ٹی آئی چھوڑ چکی ہیں اور اب 178 ارکان صوبائی اسمبلی میں ایک بھی ’گندا انڈا‘ نہیں بچا۔

ہاشم ڈوگر کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کو چھوڑنے کے بارے میں اب صرف وہی سوچیں گے جو سیاسی میدان میں مزید نہیں رہنا چاہتے، علاوہ ازیں پارٹی پالیسی کے خلاف جانے پر منحرف اراکین کے ووٹ شمار بھی نہیں کیے جائیں گے‘۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ق) کے تمام 10 ارکان صوبائی اسمبلی بھی اپنی پارٹی کے رہنما وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے ساتھ متحد کھڑے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کی باتیں صرف لوگوں میں بے یقینی اور بے چینی پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر اسمبلی تحلیل کردی گئی تو یہی اتحاد اگلے انتخابات جیت کر 3 ماہ کے اندر اقتدار میں واپس آجائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں