دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ اور انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے پاکستان میں بھی ’کمیونٹیز‘ کا فیچر پیش کردیا۔

واٹس ایپ میں ’کمیونٹیز‘ فیچر کو گزشتہ ماہ نومبر کے آغاز میں پیش کیا گیا تھا اور ابتدائی طور پر اسے امریکا سمیت یورپ کے چند ممالک میں پیش کیا گیا تھا۔

بعد ازاں مذکورہ فیچر کو ترتیب وار دیگر ممالک تک بڑھایا گیا تھا اور پاکستان میں بھی اسے 15 دسمبر تک پیش کیا گیا تھا۔

واٹس ایپ کی طرح فیس بک پر بھی ’کمیونٹیز‘ فیچر کو پیش کردیا گیا، جس کے تحت صارفین متعدد میسیجنگ گروپس کو ایک ساتھ رکھ سکیں گے۔

واٹس ایپ پر ’کمیونٹیز‘ کے فیچر کو دیکھنے اور اسے استعمال کرنے کے لیے صارف کو اپنے واٹس ایپ کے چیٹ باکس کو دائیں جانب اسکرول کرنا پڑے گا، جس کے بعد کمیونٹیز کا فیچر نظر آئے گا۔

مذکورہ فیچر کے تحت کوئی بھی صارف اپنے بنائے گئے میسیجنگ گروپس کو ایک ہی چیٹ میں شامل کرنے کے اہل ہوگا اور ہر صارف 20 گروپس ایک ساتھ ایک ہی چیٹ میں رکھ سکے گا۔

مذکورہ فیچر کے تحت صرف وہی شخص کمیونٹیز میں گروپس کو ایک ساتھ رکھ سکے گا جو کہ گروپس کا ایڈمن ہوگا۔

ہر ایک چیٹ میں 20 گروپس شامل کیے جا سکیں گے اور کوئی بھی صارف بیک وقت 15 ہزار ارکان کو ایک ہی چیٹ کے ذریعے ایک ہی پیغام ایک منٹ کے اندر بھیج سکے گا۔

اسی طرح فیس بک میں کمیونٹیز کا فیچر میسینجر ان باکس کے اوپر دکھائی دیتا ہے اور وہاں بھی صارف ایک ہی چیٹ میں متعدد چیٹ گروپس کو شامل کر سکتا ہے۔

مذکورہ فیچر ٹوئٹر کی ٹوئٹ ڈیک کی طرح ہی کام کرتا ہے، جیسے ٹوئٹ ڈیک پر کوئی بھی صارف بیک وقت متعدد ٹوئٹر اکاؤنٹ کھولنے کے اہل ہوتا ہے۔

اسی طرح یہ فیچر میسیجنگ ایپ ٹیلی گرام کے ’چینلز‘ کی طرح کام کرتا ہے، جہاں صارفین بیک وقت متعدد گروپس کو شامل کر سکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں