سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ، قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2022
رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں سونا 12 ڈالر اضافے سے ایک ہزار 808 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے— فائل فوٹو
رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں سونا 12 ڈالر اضافے سے ایک ہزار 808 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے— فائل فوٹو

ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری ہے جہاں فی تولہ سونے کی قیمت 3 ہزار 900 روپے اضافے کے بعد تاریخ کی نئی بلند ترین سطح ایک لاکھ 78 ہزار 800 روپے پر پہنچ گئی۔

آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 900 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 78 ہزار 800 روپے اور 10 گرام کی قیمت 3 ہزار 344 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 53 ہزار 292 روپے تک ہو چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں سونا 12 ڈالر اضافے سے ایک ہزار 808 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔

رواں برس یکم جنوری سے اب تک سونے کی فی تولہ قیمت میں 52 ہزار 800 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 45 ہزار 96 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔

رواں برس جنوری میں یہ قیمتیں بالترتیب ایک لاکھ 26 ہزار 200 روپے اور ایک لاکھ 8 ہزار 196 روپے تھیں، جبکہ عالمی سطح پر سونے کی قیمت تقریباً ایک ہزار 830 ڈالر فی اونس تھی۔

ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر جنید سمیم والا نے کہا کہ قیمت میں اضافے کا سبب مارکیٹ میں اصل سونے کی قلت کا ہونا ہے کیونکہ بڑے بڑے گروہ فائدہ حاصل کرنے کے لیے اپنی بلیک منی کی سرمایہ کاری سونے کی خریداری میں کر رہے ہیں۔

انہوں نے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے مطالبہ کیا کہ سونے کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔

جنید سمیم والا نے کہا کہ سونے کی موجودہ قیمتیں اس سطح پر سرمایہ کاروں کی وجہ سے پہنچی ہیں، مزید کہا کہ ڈالر کے حساب سے پاکستان میں سونے کی قیمت فی تولہ ایک لاکھ 52 ہزار روپے ہونی چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ قیمتیں کنٹرول کرنے والے گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کیا جائے۔

دریں اثنا چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ جاری ہے جہاں ایک تولہ چاندی کی قیمت 30 روپے اضافے کے بعد 2 ہزار 50 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت 25.72 روپے بڑھ کر 1757 روپے 54 پیسے ہوئی جو تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

رپورٹ کے مطابق شادی بیاہ کی تقریبات کے حوالے سے سونے کے سیٹوں کی فروخت تاحال تھمی ہوئی ہے کیونکہ بہت سے خاندان بدترین مہنگائی اور بھاری یوٹیلیٹی بلز سے بری طرح متاثر ہوچکے ہیں، ان کے لیے سونا خریدنا مشکل ہو چکا ہے یا پھر وہ کم وزن کے جیولری سیٹ خریدنے پر مجبور ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں